گجرات کی پہلی خاتون ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے آج باقاعدہ طور پر ڈپٹی کمشنر آفس گجرات میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال کر کام کا آغاز کر دیا۔چارج سنبھالنے کے بعد نورالعین قریشی نے افسران اور سٹاف سے تعارفی ملاقات کی اور ضلع میں عوامی مسائل کے فوری حل، شفاف انتظامی امور اور بہترین سروس ڈیلیوری کو اپنی ترجیحات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ نورالعین قریشی اس سے قبل 2015 میں بطور اسسٹنٹ کمشنر گجرات خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (بی پی ایس 18) کی افسر ہیں۔ ان کے شوہر کامران ممتاز بھی بی پی ایس 19 کے سینئر پولیس افسر ہیں، جو اس وقت ڈی پی او لودھراں کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔شہریوں اور مختلف سماجی حلقوں کی جانب سے نورالعین قریشی کی بطور ڈپٹی کمشنر تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ گجرات کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر اقدامات کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی نے چارج سنبھالنے کے بعد ضلع کے تعارفی دوروں کا آغاز کر دیا — پہلے روز ٹی ایچ کیو ہسپتال کنجاہ کا دورہ،ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی نے بطور ڈی سی چارج سنبھالنے کے بعد ضلع بھر کے تعارفی و انتظامی دوروں کا آغاز کر دیا ہے۔ اپنے پہلے روز انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کنجاہ کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، فارمیسی، اور میڈیکل اسٹور کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے وارڈز میں داخل مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ادویات کی دستیابی، کے حوالے سے سوالات کیے۔نورالعین قریشی نے مریضوں کو دستیاب سہولیات اور ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ایم ایس سے ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں، بجٹ، اور دیگر مسائل پر بریفنگ لی۔






