لاہور(بلدیات ٹائمز خصوصی رپورٹ)محکمہ خزانہ پنجاب نے بلدیاتی اداروں کے کرنٹ پی ایف سی شیئر میں 6 ارب 12 کروڑ روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔رواں مالی سال کا پہلا ماہانہ 3 ارب 91 کروڑ 29 لاکھ روپے کا پی ایف سی شیئر 229 بلدیاتی اداروں کو منتقل کر دیا گیا ہے۔قبل ازیں بلدیاتی اداروں کو 3 ارب 40 کروڑ 25 لاکھ روپے کا ماہانہ پی ایف سی شیئر جاری کیا جا رہا تھا۔

مالی سال 2024۔25 میں بلدیاتی اداروں کو کرنٹ پی ایف سی شیئر 40 ارب 83 کروڑ روپے جاری ہوا۔ رواں مالی سال 46 ارب 95 کروڑ 48 لاکھ روپے نان ڈویلپمنٹ شیئر کی مد میں 229 بلدیاتی اداروں کو جاری کئے جائیں گے۔پنجاب حکومت کو طرف سے رواں مالی سال بھی بلدیاتی اداروں کو گذشتہ سالوں کی طرح پی ایف سی ڈویلپمنٹ شیئر جاری نہیں کیا جائے گا۔میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کا ماہانہ کرنٹ پی ایف سی شیئر 19 کروڑ 81 لاکھ روپے سے بڑھ کر 22 کروڑ 78 لاکھ 17 ہزار روپے ہو گیا ہے۔پنجاب کی میونسپل کارپوریشنز کا پی ایف سی ماہانہ 43 کروڑ 63 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ18 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔ضلع کونسلوں کا ماہانہ شیئر ایک ارب 16 کروڑ 41 لاکھ سے ایک ارب 33 کروڑ 88 لاکھ ہو گیا ہے۔میونسپل کمیٹیوں کا کرنٹ پی ایف سی شیئر ایک ارب 60 کروڑ 39 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک ارب 84 کروڑ 45 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔محکمہ خزانہ پنجاب نے بلدیاتی اداروں کو 10 فیصد اضافہ کے ساتھ 3 ارب 91 کروڑ 29 لاکھ روپے کا جولائی کا کرنٹ پی ایف سی شیئر جاری کر دیا ہے۔





