وزیر اعلٰی مریم نواز نے گجرات میں سیوریج نظام کی بہتری کے لئے21 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیربلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے گجرات میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ دوسرے شہروں سے بھی مشینری منگوائی گئی ہے۔متاثرین کی ہرممکن مدد کی جارہی ہے۔آئندہ 24گھنٹے کے دوران پانی کی مکمل نکاسی ہو جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے گجرات میں سیوریج نظام کی بہتری کیلئے 20ارب روپے کی منظوری دی ہے۔اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے واسا بہترین کام کر رہا ہے۔انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بھی بنائے جائیں گے۔ہر مکتبہ فکر کے افراد پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں۔1122،سول ڈیفنس ،ستھرا پنجاب کی ٹیم کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سیلاب متاثرین کے مویشیوں کابھی پوراخیال رکھاجارہاہے،ذیشان رفیق نے کہا کہ متاثرین کو تیار کھانا اور طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ عوام کی بھرپورخدمت مسلم لیگ ن کی قیادت کامنشورہے۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے گجرات کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا،سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل،کمشنر گوجرانوالہ بھی ہمراہ تھے۔

ترجمان وزیر بلدیات کے مطابق وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ گجرات میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ اور صوبائی ادارے مل کر دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو اربن فلڈنگ کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ وہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر اربن فلڈنگ سے شدید متاثرہ شہر گجرات کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل، کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی، ڈی پی او رانا عمر فاروق بھی موجود تھے۔

قبل ازیں وزیر بلدیات نے شہر کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور انتظامی افسروں کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بھی شرکت جس میں انہیں نکاسی آب اور بحالی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ گزشتہ دو تین روز کے دوران گجرات شہر میں 577 ملی میٹر بارش اور بھمبر برساتی نالے کے اوور فلو ہونے کے باعث مدینہ سیداں، کوراں موضع، کچہری چوک اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوا، جس سے شہری متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ہاؤسنگ، سی اینڈ ڈبلیو، لوکل گورنمنٹ اور اریگیشن کے سیکرٹریز گجرات پہنچ چکے ہیں اور خود کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لاہور اور دیگر بڑے شہروں سے واسا کی بھاری مشینری، سینکڑوں واٹر پمپس اور عملہ گجرات پہنچ گئے ہیں مزید مشینری بھی جلد پہنچ جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ناتھو کوٹ، میہسم موڑ، کٹھالہ، یونیورسٹی روڈ اور لوران چوک سمیت مختلف مقامات پر پانی کے بہاؤ کا رخ موڑا گیا ہے تاکہ شہری آبادی کو محفوظ رکھا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی ایم سی گجرات کا سیوریج سسٹم بھی متحرک ہے۔ ہیلسی نالے کی گنجائش بڑھائی جا رہی ہے اور مزید پمپس نصب کئے جا رہے ہیں تاکہ نکاسی آب کے عمل کو تیز کیا جا سکے جبکہ ڈی سی بند پر دو سو ڈمپرز لگائے گئے ہیں جو مسلسل مصروف کار ہیں۔ ذیشان رفیق نے بتایا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے 21 ارب روپے کے سیوریج پراجیکٹ پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت گجرات میں نکاسی آب کا جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا جس میں میگا سٹوریج ٹینکس، جدید سیلابی نالے اور واسا کا باضابطہ نظام شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت گجرات میں 83 ٹیکنیکل سٹاف تعینات کر دیا گیا ہے، 26 نکاسی آب اور 24 پینے کے پانی کے پمپس، 7 واٹر باؤزر، 4 ایکسکویٹرز، جنریٹرز اور دیگر سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ پنجاب حکومت بارشوں سے نقصانات کے ازالے کے لئے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھے گی۔

جواب دیں

Back to top button