عید میلادالنبی ﷺ کے مقدس دن کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ اراکین کے ہمراہ میمن مسجد ، بولٹن مارکیٹ اور ملیر کے جلوسوں کی قیادت کی۔میمن مسجد:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن اور سعید غنی، وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر اہم رہنماؤں کے ہمراہ میمن مسجد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امت مسلمہ کو اس مقد س دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے پیغمبر اسلام کے امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے پیغامات پر روشنی ڈالتے ہوئے پیغمبر اسلام اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ ملیر:
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دارالعلوم مجددیہ ملیر کے زیراہتمام عظیم الشان جلوس میں صوبائی وزیر سعید غنی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ شرکت کی۔ تقریب کی قیادت مفتی محمد جان نعیمی نے کی اورعقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراوعلیٰ سندھ نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان بشمول سندھ میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی یومِ ولادت کو بڑی عقیدت سے منایا جارہا ہے۔ انہوں نے حضورﷺ کی زندگی کو انسانیت کے لیے بہترین نمونہ اور مشعل راہ قراردیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے دعا کی کہ اللہ پاک ہمیں آپ ﷺ کے بتائے ہوئے تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔انہوں نے کہا کہ مخلوق کی خدمت، خدا کی خدمت کے مترادف ہے۔ اللہ پاک ہمیں آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق دے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آپ ﷺ کے یومِ ولادت کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی بلندی ،امن و استحکام کے ساتھ ساتھ مخالفین کے نیست و نابود ہونے کی دعا بھی کی۔جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر وزیر اعلیٰ ہاؤس سبز اور سفید روشنیوں سے جگمگا اٹھا جوکہ آپ ﷺ سے محبت و عقیدت کا ثبوت ہے۔ سید مراد علی شاہ نے ایک دلی پیغام میں پیغمبر اسلام کی آمد کو انسانیت کے لئے سب سے بڑی رحمت قرار دیتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو پیغمبر اسلام کی سیرت طیبہ کے مطابق بنائیں جو مساوات، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا مظہر ہے۔ انہوں نے ہر ایک سے ضرورت مندوں کی خدمت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اعمال عبادت کی ایک شکل ہیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نےتباہ کن سیلاب کی وجہ سے قوم کو پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کو اجتماعی ذمہ داری قراردیا۔ انہوں نے تباہی اور نقصانات سے نجات کی دعا کی اور سیلاب زدگان کی خدمت اور بحالی کے لیے سندھ حکومت کے جاری عزم کا خاکہ پیش کیا۔
یوم دفاع پر خراج تحسین:
وزیراعلیٰ سندھ نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ملک کی مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے 1965 کی جنگ میں دی گئی قربانیوں، اتحاد اور حوصلے کو یاد کرتے ہوئے پاکستان کی فوجی طاقت کو ’ناقابل تسخیر‘ قرار دیا۔مراد علی شاہ نے مسلح افواج کی جرات اور بہادری پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے ملکی دفاع کے لیے سندھ کے غیر متزلزل عزم کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔خوشی کے اس دوہرے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کی مصروفیات نے سندھ اور پاکستان میں بڑے پیمانے پر اتحاد، خدمت اورتحمل کے اجتماعی جذبے کو ابھارنے کا کام کیا، جس سے امید، ہمدردی اور قومی فخر کے پیغام کو تقویت ملتی ہے۔






