وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے شرقپور کے فیض پور کلاں گاؤں میں قائم کیے گئے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے ریسکیو کیمپ ، میڈیکل کیمپ ، لائیو سٹاک کیمپ کا معائنہ کیا اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ لی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان جلیس اور اسسٹنٹ کمشنر شرقپور و دیگر ضلعی افسران نے سیلابی صورتحال پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوۓ بتایا کہ سیلاب متاثرین تک کھانا ، صاف پانی اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور متعلقہ محکموں کو امدادی کارروائیوں پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی جان و مال کے تحفظ کیلئے حکومت پنجاب دن رات کوشاں ہے ، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی مثالی قیادت سے نقصانات میں کمی ہوئی ، انتظامیہ و پولیس کے بروقت انتظامات کی بدولت بڑے جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہے ۔

مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ متاثرہ علاقہ جات میں ریلیف کیمپوں اور طبی سہولتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، جانوروں کیلئے ونڈہ اور چارے سمیت ویکسینیشن کا مکمل سٹاک موجود ہے ، مشکل کی اس گھڑی میں اپنے سیلاب زدگان بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے یہ وقت پوری قوم کی آزمائش کا وقت ہے ، سیلاب زدگان کی بحالی پوری قوم کا دینی فریضہ ہے ۔ وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس بابرکت موقع پر اپنے ہم وطنو! کے لیے دعا گو ہیں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل ہی محبت رسول ہے۔






