کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج اور کوئٹہ بیوٹیفیکیشن پلان کے منصوبوں پر کام کی پیشرفت اور حائل رکاوٹوں کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی رفیق بلوچ سمیت کیسکو، سوئی سدرن گیس کمپنی، پی ٹی سی ایل اور این ٹی سی کے افسران بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ بیوٹیفیکیشن پلان اور کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام یوٹیلٹی سروسز کی بروقت منتقلی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبوں کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ آئے۔اجلاس میں سائنس کالج، سمنگلی روڈ اور سریاب روڈ پر بجلی کے پولز اور دیگر یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ یوٹیلٹی سروسز کی بروقت منتقلی سے منصوبوں کی رفتار میں تیزی آئے گی اور ٹریفک سے متعلق سہولیات میں بہتری آئے گی۔ اسی طرح ایئرپورٹ روڈ پر بجلی کے کھمبوں کی فوری منتقلی کے اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور موثر کوآرڈینیشن کے ذریعے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سائنس کالج، زرغون روڈ اور سمنگلی روڈ سمیت تمام منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھائی جائے تاکہ وہ مقررہ وقت پر مکمل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ کمشنر نے کہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج اور بیوٹیفیکیشن پلان انتہائی اہم منصوبے ہیں جن کی بروقت تکمیل سے کوئٹہ ایک جدید اور خوبصورت شہر میں ڈھل جائے گا۔






