وزیراعلٰی مریم نواز نے 200 شہروں میں میونسپل سکیموں کی تکمیل کا حکم دیا ہے،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) صوبے میں نئے معیارات متعارف کرائے گا۔ سیوریج کے لئے لائننگ پائپ والی ٹیکنالوجی پہلی بار پاکستان میں لائی جائے گی۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں جدید لائننگ پائپ کے مینوفیکچررز نے بریفنگ دی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سیکرٹری بورڈ رضوان نصیر اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے بھی شرکت کی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی طرح پی ڈی پی میں بھی ایک نئی مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔ منصوبے پر کام کے دوران پورے پنجاب میں لائننگ پائپ کی بلاتعطل سپلائی یقینی بنانا ہوگی۔ انہوں نے مینوفیکچررز سے کہا کہ ہر ڈویژن میں کم سے کم ایک پلانٹ نصب کرنے کا جائزہ لیا جائے۔ وزیراعلی مریم نواز نے 200 شہروں میں میونسپل سکیموں کی تکمیل کا حکم دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 52 شہروں میں سیوریج سسٹم اور بارانی پانی کے ذخیرے کے لئے انڈرگرائونڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت ہر شہر میں ڈرین کا ماحول دوست بائی پاس سسٹم لائیں گے۔ کچی گلیوں کو پختہ، خراب سڑکوں کو درست کیا جائے گا۔ سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی اور پارک بنائے جائیں گے۔ وزیر بلدیات نے مینوفیکچررز سے آن گرائونڈ پلان طلب کرتے ہوئے واضح کیا کہ آر سی سی پائپ کی تیاری نیسپاک کے نمائندوں کی زیر نگرانی ہوگی۔ وزیراعلی مریم نواز کی پالیسی کے مطابق کسی سکیم میں شفافیت اور میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ کسی جگہ چھوٹے قُطر کا پائپ استعمال نہیں ہونا چاہیئے۔ پی ڈی پی میں شہروں کی 2050 تک ضروریات کو مدنظر رکھ کر سکیمیں بنائی گئی ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران مینوفیکچررز نے بتایا کہ لائننگ والے آر سی سی پائپ کی عمر سو سال تک ہوتی ہے۔ متعلقہ مشینری کی درآمد کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ کسی جگہ سپلائی لائن میں خلل نہیں پڑے گا۔

جواب دیں

Back to top button