وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن، شہری خوبصورتی اور اربن فلڈنگ کی روک تھام میں اہم پیش رفت،سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایت پر لاہور میں روڈ لیول سٹڈی مکمل کر لی گئی ہے۔ٹیپا حکام نے یکساں روڈ لیول، گرین بیلٹس اور پلنتھ لیول پر تکنیکی رپورٹ تیار کر لی۔

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق تفصیلی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے لیے تیار سمری میں شامل کر لی گئی ہے جس میں کیرج ویز، سروس روڈ، گرین بیلٹس، پوٹ ہول، مین ہول اور پونڈنگ پوائنٹس کو شامل کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اربن فلڈنگ کا باعث بننے والے مقامات کی 11 اہم شاہراہوں پر نشاندہی کی گئی ہے جبکہ 178 کلومیٹر سے زائد روڈ لینتھ کے انفرا سٹرکچر کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان کے مطابق 650 سے زائد اونچے نیچے گڑھوں اور مین ہولز کے ساتھ 945 پوٹ ہولز اور پونڈنگ پوائنٹس کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔رپورٹ میں فیروز پور روڈ، ملتان روڈ، جی ٹی روڈ، سرکلر روڈ، راوی روڈ، کینال روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں کا مشاہدہ شامل ہے۔ترجمان کے مطابق جی پی ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے روڈ لیول سٹڈی مکمل کی گئی ہے جبکہ رپورٹ میں نشاندہی کردہ مقامات کے مسائل اور ان کے تکنیکی حل بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے کے مطابق جامع ریسرچ پر مبنی پلاننگ ہی اربن فلڈنگ کے مسائل کا مکمل حل یقینی بنا سکتی ہے اور اس مقصد کے لیے توجہ طلب مقامات اور اہم شاہراہوں سے تکنیکی سٹڈی کا آغاز کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لیے انجینئرنگ حل متعارف کروائے جا رہے ہیں۔






