*ٹی ایم اے نوشہرہ کے ملازمین کا تنخواہوں اور پنشن کی مسلسل عدم ادائیگی کے خلاف بھرپور احتجاج*

"ٹی ایم اے نوشہرہ کے محنت کشوں کی پکار — "ہم بھی زندہ انسان ہیں!” تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن نوشہرہ کے محنت کشوں نے تنخواہوں اور پنشن کی مسلسل عدم ادائیگی کے خلاف آج ٹی ایم اے ہیڈ آفس نوشہرہ میں بھرپور احتجاج کیا۔چہروں پر تھکن، دلوں میں درد، مگر آواز میں عزم اور حوصلہ — یہی منظر تھا مظاہرے کا۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں ، بچے اسکول جانے کے بجائے محرومی کی نظروں سے والدین کو دیکھتے ہیں مگر حکومتی ایوانوں میں خاموشی چھائی ہوئی ہے۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاک ایمپلائز یونین ضلع نوشہرہ کے صدر لقمان خان اور دیگر عہدیداران نے کی۔انہوں نے خطاب میں کہا:یہ احتجاج کسی ضد کا نہیں، بھوک اور مجبوری کا احتجاج ہے۔ہم وہ لوگ ہیں جو شہر کو صاف رکھتے ہیں، مگر آج ہمارے اپنے گھر اندھیروں میں ڈوبے ہیں۔”مقررین نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ ٹی ایم اے نوشہرہ کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے مسئلے کا فوری اور پائیدار حل نکالا جائے تاکہ محنت کشوں کے گھروں میں پھر سے خوشی اور روشنی لوٹ آئے۔ملازمین نے اعلان کیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار صوبہ بھر تک پھیلایا جائے گا. یہ احتجاج صرف تنخواہوں کا نہیں… یہ اُن ہاتھوں کی پکار ہے جو دن رات عوام کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button