ون ڈش اور اوقات کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن: لاہور میں 9 ہالز، ایک فارم ہاؤس سیل، 13 جرمانے عائد

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے شہری ضابطے کو برقرار رکھنے اور عوامی فلاح کے لیے ’پنجاب میرج فنکشنز ایکٹ 2016ء‘ کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا۔ ڈی سی لاہور کی سخت ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، اسسٹنٹ کمشنرز کی ٹیمیں، ریونیو فیلڈ سٹاف اور پولیس ٹیموں کے ساتھ مل کر، شادی تقریبات کی رات گئے نائٹ مانیٹرنگ کے لیے متحرک اور فعال رہیں۔ اس مشترکہ کارروائی کے دوران، ون ڈش اور مقررہ اوقات کار کی خلاف ورزی پر لاہور بھر میں 9 شادی ہالز کو سیل کر دیا گیا، جبکہ 13 خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق، تحصیل صدر میں ایک فارم ہاؤس سمیت 3 ہالز کو رات گئے شادی کی تقریب جاری رکھنے پر سیل کیا گیا۔ اسی طرح، تحصیل ماڈل ٹاؤن میں واپڈا ٹاؤن کے قریب 3 شادی ہالز کی انسپکشن کی گئی، جن میں سے 2 میں سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں اور انہیں سیل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ، تحصیل علامہ اقبال میں بھی ’ون ڈش‘ اور اوقات کار کی خلاف ورزی پر 2 شادی ہالز کو سیل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اس سلسلے میں ایک بار پھر اپنی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور قوانین کے یکساں نفاذ پر یقین رکھتی ہے اور شادی ہالز میں ون ڈش اور وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ’پنجاب میرج فنکشنز ایکٹ 2016ء‘ کی خلاف ورزیوں پر ’زیرو ٹالرنس پالیسی‘ پر سختی سے عمل کریں اور خلاف ورزی کرنے والے تمام ہالز اور فارم ہاؤسز کو بلا تفریق اور فوری طور پر سیل کریں۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کارروائیاں عوامی فلاح اور شہری ضابطے کو برقرار رکھنے کے لیے ہیں، رات گئے شادی کی تقاریب پر سخت ایکشن لیا جائے گا، کوئی ہال مالک قانون سے بالاتر نہیں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی؛ جرمانے اور سیلنگ کی جائے گی

جواب دیں

Back to top button