حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے وفد کے ہمراہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنگت فاؤنڈیشن، زاہد اسلام سے دارالضیافہ منصورہ میں تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر زاہد اسلام نے وفد کو نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے اہم نکات، اس کے اثرات اور موجودہ قانونی پیچیدگیوں پر جامع بریفنگ دی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ موجودہ لوکل گورنمنٹ فریم ورک میں متعدد خامیاں ایسی ہیں جو نہ صرف جمہوری عمل کو متاثر کرتی ہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کی شمولیت اور مؤثر نمائندگی کے راستے میں بھی رکاوٹ بنتی ہیں۔ ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر زاہد اسلام نے کہا کہ موجودہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں جماعتوں کی حقیقی نمائندگی کی گنجائش کم کر دی گئی ہے، جس کا براہِ راست نقصان سیاسی استحکام کو پہنچ رہا ہے
اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے بغیر مقامی حکومتیں صرف نام کا ڈھانچہ بن کر رہ جاتی ہیں، اور یہ صورتحال سیاسی جماعتوں اور شہریوں دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ قانون سازی میں مشاورت کا فقدان سیاسی عمل کو کمزور کرتا ہے؛ سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے تاکہ نظام عوامی ضرورتوں کے مطابق تشکیل پا سکے۔ملاقات میں بلدیاتی نظام کی مضبوطی، مقامی سطح پر عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری، خواتین کی شمولیت اور مقامی نمائندوں کے اختیارات کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ثمینہ سعید نے بریفنگ کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط، بااختیار اور شفاف بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت مکمل نہیں ہو سکتی۔ ثمینہ سعید نے کہا کہ جماعت اسلامی پنجاب کے اس بلدیاتی ایکٹ کو قطعی طور پر مسترد کرتی ہے- یہ قانون عوام کے حقوق کو سلب کرتا ہے اور ان کے نمائندوں کو کسی بھی قسم کی کوئی آزادی نہیں دیتا۔ جماعت اسلامی کے امیر، حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں 7 دسمبر کو پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے- انہوں نے سنگت فاؤنڈیشن کے تکنیکی تعاون اور تحقیقی خدمات کی تعریف کی۔

ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے اس سیر حاصل بریفنگ پر سنگت فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی مفید مشاورت اور رہنمائ کی درخواست کی۔۔اس موقع پر انیلا محمود ، صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید ،صدر حلقہ لاہور عظمی عمران بھی اپنی نائبات کے ہمراہ موجود تھیں۔






