(جھنگ) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے محرم الحرام کے حوالہ سے جھنگ کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر بلدیات کو محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی،پیچ ورک،تجاوزات اور وال چاکنگ کے صفایا،لائٹنگ کے انتظامات اور سیکورٹی و دیگرضروری انتظامات بارے ڈپٹی کمشنر آفس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عمیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد راشد ہدایت نے محرم الحرام کے اقدامات بارے آگاہ کیا۔سابق ممبر صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب،سابق ممبر صوبائی اسمبلی خالد غنی،مولانا آصف معاویہ بھی موجود تھے۔افسران نے صوبائی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں مجالس کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ہیلتھ،ریسکیو1122,میونسپل کمیٹی و دیگر محکموں کو ڈیوٹیاں سونپی گئی ہیں۔جلوسوں کے روٹس پر صفائی کے مثالی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ محرم الحرام کے حوالے سے سبیلوں کو چیک کرنے کیلئے فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو متحرک رکھا گیا ہے۔اس موقع پر ڈی پی او نے بتایا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 1902 مجالس اور 493 جلوس برآمد ہوں گے، جنکو کیٹیگرائز کیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں اے کیٹگری کے 73، بی کیٹیگری کے 118 اور سی کیٹیگری کے 302 جلوس برآمد ہوں گے، ضلع بھر میں اے کیٹگری کی 198 ، بی کیٹیگری کی 619 اور سی کیٹیگری کی 1085 مجالس منعقد ہوں گی، محرم الحرام کی سکیورٹی کیلئے 2800 سے زائد پولیس افسران، جوان جبکہ 1500 سے زائد ولنٹئیر فرائض انجام دیں گے۔پارک آرمی اور رینجرز کے دستے بھی پولیس کی معاونت کیلئے موجود ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ساتویں محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکورٹی انتظامات کو چیک کرنے کےلئے جھنگ سٹی کا دورہ کیا۔ انہوںنے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی،بارشی پانی کی نکاسی ، پیچ ورک،تجاوزات اور وال چاکنگ کے صفایا،لائٹنگ کے انتظامات اور سیکورٹی و دیگرضروری انتظامات کا جائزہ لیا اورموقع پر بریفنگ لی۔دریں اثنا صوبائی وزیر بلدیات نے امام بار گاہ مہاجرین جھنگ کا بھی دورہ کیا اور منتظمین سے ملاقات کی۔مزید برآں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے انتظامی و حفاظتی اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ جھنگ امن کا گہوارہ ہے۔محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کا مشن جاری ہے۔ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔انہوںنے اپنے پیغام میں کہا کہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی، اتحاد اور امن عامہ کیلئے علماءکرام کا کردار نہایت اہم ہے۔علماءکرام قومی یکجہتی، امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا بھر پورکردار ادا کریں۔صوبائی وزیر نے امن کمیٹی کے ممبران سے بھی ملاقات کی





