میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی نیو کراچی ٹاؤن میں کے ڈی اے کے تعاون سے خمیسو گوٹھ میں 20 کروڑ روپے کی اسکیم کا افتتاح اور نارتھ کراچی ٹاؤن میں واقع یو سی 1 تا 5کے لیے پمپنگ اسٹیشنز کے لیے 20 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے سنگ بنیاد رکھ دیا، جس میں نکاسی آب کی بحالی،سڑک کی تعمیر سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح اور نارتھ کراچی ٹاؤن میں واقع یو سی 1 تا 5کے لیے جدید واٹر پمپنگ اسٹیشن کھوجا اجمیر نگری اور الاحمدواٹر پمپنگ اسٹیشن کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد شامل ہے، اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری رؤف ناگوری، پاکستان پیپلزپارٹی ضلع وسطی کے صدر سردار خان، کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یوسی چیئرمین رحمت علی اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نیو کراچی ٹاؤن یوسی6،خمیسو گوٹھ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کے تحت علاقے میں سیوریج نظام کی بحالی اور سڑک کی تعمیر مکمل کی گئی ہے جس سے مقامی آبادی کو دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی، انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں آنے کا مقصد عوام کو ترقیاتی کاموں کا تحفہ دینا ہے، جب میں اسٹیج پر کھڑے تھا تو علاقے کے ایک مکین نے بتایا کہ یہاں پہلے کبھی اتنا کام نہیں ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی عوامی خدمت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،

اختیارات ملنے اور روڈ کٹنگ کے بعد اگر مسائل حل نہ ہوں تو اس کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچتا تاہم پاکستان پیپلز پارٹی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق وسائل عوامی بہبود پر خرچ کیے جا رہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ جب میں وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سندھ کے پاس تعاون کے لیے جاتا ہوں تو وہ مکمل مدد فراہم کرتے ہیں جس کے نتیجے میں شہر میں ترقیاتی کام ممکن ہورہے ہیں، انہوں نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 20 کروڑ روپے کی لاگت سے چھ ہزار فٹ سیوریج لائن بحال کی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 90 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر پیور بلاکس لگائے گئے ہیں، میئر کراچی نے کے ڈی اے کی ٹیم اور انجینئرز کو کامیاب منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دی اور کہا کہ کے ڈی اے حکام کے مطابق علاقے کے مکینوں نے بھرپور تعاون کیا کیونکہ عوام کی مدد کے بغیر کوئی بھی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا،انہوں نے کہا کہ نیو کراچی سے منتخب چیئرمین جب بھی آتے ہیں تو وہ نیو کراچی کی عوام کا مقدمہ ان کے سامنے رکھتے ہیں جس پر فوری توجہ دی جاتی ہے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صبا پمپنگ اسٹیشن اور اجمیر نگری پمپنگ اسٹیشن کی ازسرنو تعمیر کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا تاکہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوسکیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ عوامی خدمت کو کسی تشہیر کا محتاج نہیں سمجھتے اور رکشے پر تصویر لگائے بغیر بھی کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں،وہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور پیپلز پارٹی کے تمام منتخب نمائندے کراچی کی بہتری کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، شہر میں پانی کے مسائل کے حل کے لیے پمپنگ اسٹیشنز پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے لیے 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ مومن آباد اور منگھو پیر ٹاؤن میں بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے ترقیاتی کام جاری ہیں جبکہ گلشن ٹاؤن میں ایل ایس آر کے پمپنگ اسٹیشن کی ازسرِنو تعمیر مکمل ہونے کے بعد اسے 15 جنوری کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، انہوں نے اعلان کیا کہ ملیر، گلشن حدید اور اسٹیل ٹاؤن کا دورہ بھی آئندہ ہفتے کیا جائے گا جہاں پانی کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل کی جانب سے اسٹیل ٹاؤن اور گلشن حدید کو پانی کی فراہمی بند کیے جانے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ساڑھے پانچ کروڑ روپے خرچ کرکے گلشن حدید کے عوام کو متبادل سہولت فراہم کی ہے، مجموعی طور پر 30 ارب روپے کراچی کی بہتری پر خرچ کیے جائیں گے،میئر کراچی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے صنعتکاروں کو بلا کر صنعتی زون کے قیام کے لیے سوا نو ارب روپے کے فنڈز کا اعلان کیا ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور شہر کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا، منافقین جل سکتے ہیں مگر کچھ نہیں کر سکتے، ہم اپنے کام سے ہی منافقت کو ایکسپوز کریں گے،سڑکوں کو بلاک کر کے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کون سے مسائل حل کیے جا رہے ہیں، احتجاج کرنا ہے تو دفاتر میں بیٹھ کر کریں، کراچی کی سڑکیں کسی کے والد صاحب کی جاگیر نہیں ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ مگرمچھ کے آنسو رونا بند کیا جائے، کراچی کے نو ٹاؤن پر قبضہ کر رکھا ہے اور پھر عوامی ہمدردی کا ڈرامہ کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جو جماعت حکومت کا حصہ ہے اسے سڑکوں پر احتجاج کرنے کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے چاہئیں، میئر کراچی نے واضح کیا کہ کسی کے والد صاحب کی میئر شپ نہیں ہے کہ وہ استعفیٰ دے دیں، وہ عوامی مینڈیٹ کے تحت کام کر رہے ہیں،ہمارے ٹاؤن میں جا کر جھنڈے لگائے جاتے ہیں جبکہ ایک شخص لاہور بھاگ گیا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں اصل مسئلہ ڈھکن رکھنا نہیں بلکہ ڈھکن کی حفاظت کرنا ہے جس کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی مؤثر اقدامات کر رہی ہے،انہوں نے پارکوں سے دیواریں گرانے کے حوالے سے کہا کہ مقصد قبضہ کرنا نہیں بلکہ پارکوں کو عوام کے لیے کھلا اور محفوظ بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کراچی میں شجرکاری کو فروغ دیا جائے اور مقامی درخت لگائے جائیں، میئر کراچی نے دوٹوک اعلان کیا کہ جو بھی مقامی درخت کاٹے گا اس کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے گی، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر کی بہتری، ماحول کے تحفظ اور عوامی سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔بعدازاں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے زیرِ تعمیر کریم آباد انڈرپاس کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو تیز کر کے منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔






