وزیراعلی مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا جمع کرنے کے کام کا جائزہ لینے کے لئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں اور چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملک بلال ذوالفقار کھوکھر بھی ساتھ تھے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات اور معاون خصوصی نے آشیانہ ہائوسنگ روڈ اور یوحنا آباد کے علاقوں کا دورہ کیا۔ ذیشان رفیق نے دکانداروں اور علاقہ مکینوں سے کوڑا اٹھانے کے بارے میں بات چیت کی۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ پہلے کی نسبت اب صفائی کے انتظامات انتہائی بہتر ہیں۔ معاون خصوصی ذیشان ملک نے وہاں موجود عملہ صفائی کو محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر اور معاون خصوصی نے یوحنا آباد میں شکایات ڈیسک کا بھی دورہ کیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ایل ڈبلیو ایم سی کو عوامی شکایات پر فوری ایکشن لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کا دائرہ کار مرحلہ وار وسیع کیا جائے گا۔ جنوری کے دوران لاہور کی 100 یونین کونسلز میں یہ سہولت مہیا کر دیں گے جبکہ پورے لاہور کو مارچ تک ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن پروگرام کے تحت لے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے تحت پہلی بار دیہی اور شہری علاقوں میں صفائی کا یکساں نظام متعارف کرایا گیا۔ ستھرا پنجاب کمائی کا ذریعہ نہیں بلکہ عوامی خدمت کا پروگرام ہے۔ اس پروگرام کی ابتدا میں کوئی فیس وصول نہیں کی جا رہی۔ معمولی فیس کے عوض صفائی کی مثالی خدمات مہیا کی جائیں گی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ عوام نے وزیراعلی مریم نواز کے ستھرا پنجاب ویژن کو سراہا ہے۔ تھوڑا وقت لگے گا تاہم میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف ضرور حاصل کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعلی کے معاون خصوصی ذیشان ملک نے کہا کہ ڈور ٹو ڈور کولیکشن کا کام ان علاقوں سے شروع کیا گیا جہاں صفائی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش نہیں۔ علاوہ ازیں دیہات میں پہلی بار صفائی کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز کا پہلے روز سے ہی صفائی انتظامات بہتر بنانے پر فوکس ہے۔ ذیشان ملک نے زور دیا کہ کنٹریکٹرز کی نگرانی کا موثر میکانزم بنانا ہوگا تاکہ صفائی کا دیرپا اور موثر نظام جلد مستحکم ہوسکے۔





