پشاور(بلدیات ٹائمز) لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن رجسٹرڈ خیبرپختونخوا کی پیش کردہ بلدیاتی اداروں،ملازمین اور پنشنرز کے مطالبات پر پیش رفت اور منظوری کے لئے سیکریٹری بلدیات و دیہی ترقی نے حسب وعدہ محکمہ بلدیات کے کچھ اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک باقاعدہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔کمیٹی صوبہ بھر کے بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن کی آن لائن اکاؤنٹ فور کے ذریعہ ادائیگی یقینی بنانے اور دیگر مطالبات جن میں سروس سٹرکچر پر عملدرآمد ، دستکاری سکولز کی بندش کو ریویو کرنے، مستقل اکاؤنٹنگ سسٹم کے اجراء، پرسنل لیجر اکاؤنٹ کی بار بار بندش اور دیگر اہم مطالبات زیر غور لائے گی۔لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن رجسٹرڈ خیبرپختونخوا کے
سرپرست اعلیٰ شوکت کیانی ، چیئرمین محبوب آللہ ، صدر حاجی انور کمال خان مروت اور جنرل سیکریٹری سلیمان ہوتی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں فیڈریشن کی طرف سے پیش کردہ مطالبات پر غور کے لئے سیکریٹری بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا کی طرف سے کمیٹی نوٹی فائی کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اکاونٹ فور کے اجراء کی طرف پہلا قدم قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی ، وزیر *بلدیات و دیہی ترقی مینا خان آفریدی ، سیکریٹری بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا ظفرالاسلام خٹک اور سیکریٹری لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا وحید الرحمان اور کمیٹی ممبران سے بلدیاتی ملازمین اور پنشنرز کی آن لائن تنخواہوں اور پنشن کی بلا تاخیر ادائیگی بزریعہ اکاؤنٹ فور یقینی بنانے کے لئے اور دیگر مطالبات کی منظوری کےلئے اپنا بھر پور کردار یقینی بنا کر بلدیاتی ملازمین اور پنشنرز کی مشکلات میں کمی لائیں۔






