معاون خصوصی ذیشان ملک اور ڈی سی سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت اجلاس، 20 جنوری سے مکمل شدہ ایل ڈی پی منصوبوں کے باقاعدہ افتتاح کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام” کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جس کے سلسلے میں معاون خصوصی ذیشان ملک اور ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت ٹاؤن ہال میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی، ایم ڈی واسا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نے شرکت کی جہاں شرکاء کو پروگرام کے فیز ون کی کامیاب تکمیل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے ریکارڈ مدت میں راوی، داتا گنج بخش ٹاؤن، نشتر ٹاؤن اور شالیمار ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں ساڑھے 5 ہزار سے زائد گلیوں کی تعمیر و مرمت، 316 کلومیٹر طویل سیوریج لائن بچھانے اور 10 ڈسپوزل سٹیشنز کی فعالیت کا کام مکمل کر لیا ہے، جن کا باقاعدہ افتتاح 20 جنوری سے شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ شہر میں پہلی بار گلیوں میں پائیدار ٹف ٹائلز لگا کر بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے اور گزشتہ دو ماہ کے دوران 20 ہزار سٹریٹ لائٹس کو فعال کیا گیا ہے تاکہ کوئی علاقہ تاریک نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام” کے فیز ٹو میں 8 ہزار گلیاں شامل ہیں جن میں سے 15 سو مکمل ہو چکی ہیں اور اس فیز کی ڈیڈ لائن 30 جون مقرر کی گئی ہے۔ معاون خصوصی ذیشان ملک نے ضلعی انتظامیہ لاہور کی دن رات محنت کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ کسی کو بھی تعمیر شدہ گلیوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہریوں کو جدید انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کے لیے انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے ذمہ داریاں بھی تفویض کی جا رہی ہیں تاکہ لاہور کو ایک صاف ستھرا اور جدید شہر بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button