ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر کے موقع پر پرجوش تقریبات کا انعقاد کیا۔ ٹاؤن ہال میں ایک خصوصی پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیا نے پرچم کشائی کی،

جس کے دوران موجود تمام شرکا نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور عزم فلاح و ترقی پر قائم ہے۔ انہوں نے پاک افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہداء کو فخر قرار دیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہر بھر میں مختلف سرکاری عمارتوں کو پرچموں اور روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیا نے تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر پوری قوم آج یوم تشکر منا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور آج لاہور میں یوم تشکر کے موقع پر بھرپور جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہے۔ یوم تشکر کی تقریبات کا مقصد آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرنا ہے، جس میں پاکستان نے بھارت کے خلاف بڑی فتح حاصل کی ہے۔






