عید الاضحٰی کے حوالے سے انتظامات مکمل،شہری کنٹرول روم سے ہیلپ لائن 1198 اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے 1139پر رابطہ کر سکتے ہیں،محکمہ بلدیات پنجاب

عیدالاضحیٰ کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں صفائی و ستھرائی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں سول سیکرٹریٹ لاہور میں ایک مربوط اور ہمہ وقت فعال صوبائی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں 100 سے زائد افسران اور ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔

یہ کنٹرول روم عید کے تینوں دن 24 گھنٹے تین شفٹوں میں کام کرے گا اور پورے صوبے میں جاری صفائی آپریشن کی براہ راست نگرانی کرے گا۔صوبائی کنٹرول روم کے ساتھ شہریوں کی سہولت کے لیے مخصوص فون نمبرز جاری کر دیے گئے ہیں جن پر شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔ ان نمبرز میں 042-99213470، 042-99213471 اور 042-99210021 شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، کنٹرول روم میں ہیلپ لائن 1198 کے نمائندے بھی موجود ہوں گے تاکہ فوری طور پر مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ شہری متعلقہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن 1139 پر بھی کال کر سکتے ہیں۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے بتایا کہ تمام اضلاع میں صفائی کے عمل کو مؤثر اور بروقت بنانے کے لیے محکمانہ مشینری اور عملہ مکمل طور پر متحرک ہے۔ صفائی آپریشن میں 100 فیصد گاڑیاں اور مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔ عید پلان کے تحت صوبے بھر میں تقریباً ایک کروڑ ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں، جو عید کیمپس، اہم مقامات، مساجد اور یونین کونسلز میں فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس وقت 27 ہزار سے زائد جامع مساجد اور عید گاہوں کی صفائی کا عمل بھی جاری ہے۔ عید کے تینوں روز ایک لاکھ 39 ہزار سے زائد صفائی عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا جبکہ 36 ہزار سے زائد گاڑیاں صفائی آپریشن کے لیے استعمال کی جائیں گی۔ شہریوں کی آگاہی اور ویسٹ بیگز کی تقسیم کے لیے چار ہزار کیمپس بھی قائم کیے جا چکے ہیں، اور آلائشوں کی بروقت کلیکشن کے لیے تین ہزار سے زائد عارضی پوائنٹس بھی بنائے گئے ہیں۔سیکرٹری بلدیات نے واضح کیا کہ چاند رات کے روز صوبہ بھر کی تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں زیرو ویسٹ آپریشن مکمل کریں گی، تاکہ عید کی صبح شہروں اور قصبوں میں صفائی کی بہترین صورتحال یقینی بنائی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے تمام فیلڈ اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور عملہ ہنگامی بنیادوں پر متحرک کر دیا گیا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے عملے سے بھرپور تعاون کریں اور ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق، اس سال صفائی کے لیے غیر معمولی اور مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو ایک صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے

جواب دیں

Back to top button