وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ہدایت کی ہے کنٹریکٹرز زیادہ بہتر نتائج کے لئے بیٹ beat سسٹم کا نفاذ یقینی بنائیں۔ سُتھرا پنجاب کے تحت ریکوری صرف ای بلنگ کے ذریعے ہونی چاہیئے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ایم پی اے ارشد ملک، ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین، سی ای اوز اور سُتھرا پنجاب کے فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ اے آئی بیسڈ مانیٹرنگ سسٹم سُتھرا پنجاب کی کامیابی کا ضامن ہے۔ تمام فیلڈ سٹاف کو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی تربیت دی گئی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہیومن ریسورس کی نگرانی کے لئے ڈیجیٹل سسٹم سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ معمول کے کام کے ساتھ گاہے بگاہے خصوصی ہفتہ صفائی بھی منایا جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ سُتھرا پنجاب اتھارٹی بنانے سے ڈویژن کی جگہ ضلعی سطح پر کنٹرول ممکن ہوگیا ہے۔ کسی جگہ ہیومن ریسورس کی کمی ہو تو فوراً دور کی جائے۔ یونین کونسل کی سطح پر مانیٹرنگ کو مزید سخت بنانا ہوگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ شکایات پر ایکشن کی رپورٹ فوراً ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کی جائے۔ اس حوالے سے کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔






