یونیسیف پنجاب کے ہیڈ رمیز بہبودوف نے ایل ڈی اے ہیڈکوارٹر جوہر ٹاؤن میں وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق سے ملاقات کی۔ملاقات میں ایل ڈی اے اور یونیسف نے صوبائی دارالحکومت لاہور کو چائلڈ فرینڈلی سٹی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہری علاقوں میں بچوں کی بہتر نشوونما اور جسمانی سرگرمیوں کی سہولیات کو ڈویلپمنٹ پلان کا حصہ بنایا جائے گا۔اجلاس میں صوبائی دارالحکومت لاہور کو پاکستان کا پہلا "چائلڈ فرینڈلی سٹی” بنانے کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ایل ڈی اے کی جانب سے بچوں کے لیے پارکس اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو یونیسف کی جانب سے سراہا گیا۔یونیسف پنجاب ہیڈ رمیز بہبودوف نے اس اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزر بائیجان سے تعلّق ہے، لاہور دل کے قریب ہے۔ لاہور میں بین الاقوامی معیار کے ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی ہوئی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر وائس چیئرمین سیل عبید اقبال اور ڈائریکٹر میٹرو پولیٹن عائشہ مطاہر نے بریفنگ دی۔یونیسیف اور ایل ڈی اے جلد ایم او یو بھی سائن کرے گا۔اجلاس میں سوشل پالیسی اینڈ ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ یونیسف عبد الرحمان چیمہ، چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ، چیف ٹاؤن پلانر ٹو، چیف آئی ٹی آفیسر اور دیگر افسران نے شرکت کی-






