میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلوچ کلچرل ڈے کے موقع پر بلوچ برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ تہذیب ہماری قومی تاریخ، شجاعت اور روایتی وقار کی عکاس ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ کی سرزمین صدیوں سے بلوچ ثقافتی ورثے اور روایات کی امین رہی ہے اور یہاں مختلف قومیتیں باہمی احترام اور ہم آہنگی کے ساتھ آباد ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ بلوچ نوجوان اپنی ثقافت کو زندہ رکھ کر نئی نسل کو اپنی تاریخی جڑوں سے جوڑ رہے ہیں، جو قابلِ تحسین عمل ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل خوبصورتی اس کے ثقافتی تنوع اور رنگا رنگی میں پوشیدہ ہے اور یہی تنوع قومی یکجہتی کو مضبوط بناتا ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلوچ کلچرل ڈے باہمی محبت، بھائی چارے اور اتحاد کا عملی پیغام دیتا ہے،سندھ حکومت بلوچ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرپرستی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ روایتی اقدار کو محفوظ رکھا جا سکے،انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم کی جرأت، رواداری اور مہمان نوازی پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے اور ایسی تقریبات قومی ہم آہنگی اور یکجہتی کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ بلوچ کلچرل ڈے ہماری روایتی عظمت اور قومی وقار کی یاد تازہ کرتا ہے، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں آباد بلوچ برادری شہر کی سماجی اور ثقافتی خوبصورتی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی روایات اس شہر کی پہچان کا اہم حصہ ہیں،ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ بلوچ ثقافت محبت، مہمان نوازی اور بہادری کی جیتی جاگتی مثال ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی دن ہمیں اپنی پہچان پر فخر کرنے اور نئی نسل کو اپنی تاریخی جڑوں سے جوڑنے کا موقع فراہم کرتے ہیں،بلوچ نوجوان اپنی روایات کے حقیقی امین ہیں اور انہی کی بدولت ثقافت کا تسلسل برقرار رہتا ہے،ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ کراچی مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے جس میں بلوچ ثقافت کو نمایاں مقام حاصل ہے،ثقافتی ہم آہنگی ہی ایک مضبوط اور پُرامن معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے، ڈپٹی میئر کراچی نے یقین دلایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرپرستی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔






