ناتھا خان لنک روڈ جلد شہریوں کے لیے کھول دی جائے گی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے زیرِ تعمیر ناتھا خان لنک روڈ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے سڑک جلد شہریوں کے لیے کھولنے کا اعلان کیا، میئر کراچی نے کہا کہ ناتھا خان لنک روڈ کی تکمیل سے شاہراہِ فیصل کو گلستانِ جوہر سے منسلک کرنے میں مدد ملے گی جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں بھی معاونت ملے گی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کو ایسے مزید لنک روڈز کی ضرورت ہے جن کی تعمیر کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کام کررہی ہے، شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور ٹریفک کے مسائل کم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا اور شہر کے بنیادی شہری مسائل کو حل کرنا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے ترقیاتی کام حقیقی عوامی ترجیحات کے عکاس ہیں، ماضی کی طرح صرف فلائی اوورز کی تعمیر پر زور نہیں دیا جارہا بلکہ سڑکوں اور لنک روڈز کے ذریعے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جو شہریوں کے لیے براہِ راست فائدہ مند ثابت ہوں اور کراچی کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں مدد دیں۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرِ نو اور سفری سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے زیرِ تعمیر چکور نالہ ایکسپریس وے کا بھی دورہ اور منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا، میئر کراچی نے کہا کہ یہ منصوبہ گلستانِ جوہر، جوہر موڑ، راشد منہاس روڈ اور ایئرپورٹ روڈ کی جانب سفر کرنے والے شہریوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا اور آمدورفت میں سہولت فراہم کرے گا،انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی سڑکوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بنیادی مسائل کے حل پر بھی توجہ دے رہی ہے، سول اسپتال کے اطراف چاند بی بی روڈ کی تعمیرِ نو کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے جہاں سڑک کی تعمیر سے قبل سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل حل کیے گئے ہیں تاکہ تعمیراتی کام پائیدار بنیادوں پر مکمل کیا جاسکے اور شہریوں کو دوبارہ انہی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے،انہوں نے کہا کہ پہلوان گوٹھ کے مکینوں اور اس علاقے سے گزرنے والے شہریوں کے لیے بھی خوشخبری ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں جن سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، اسی طرح چنیسر ٹاؤن میں پی ای سی ایچ ایس بلاک۔6 کی اندرونی گلیوں کی تعمیرِ نو کا کام بھی جاری ہے تاکہ رہائشیوں کو بہتر سڑکوں کی سہولت فراہم کی جاسکے،میئر کراچی نے کہا کہ گرو مندر اور میرٹھ کباب ہاؤس کے اطراف کے علاقے کو بھی بہتر بنانے کے لیے کے ایم سی کی ٹیم کام کررہی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے منصوبوں کا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور شہریوں کے مسائل کا حل بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

جواب دیں

Back to top button