میئر کراچی کا تمام جاری اور آئندہ منصوبوں کے لیے تکمیل کی مدت مقرر کرنے کا حکم

کراچی( بلدیات ٹائمز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں جاری اور آئندہ شروع ہونے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کے لیے واضح تکمیل کی مدت مقرر کی جائے تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہوں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے، یہ ہدایات میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران جاری کی گئیں، جس میں شہر بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر ابرار جعفر نے میئر کراچی کو مختلف مدات کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی مالی اور عملی پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔

ان منصوبوں میں کلک (CLICK) پروجیکٹس، گرانٹ اِن ایڈ اسکیمیں، صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) اور ضلعی اے ڈی پی کے تحت جاری اسکیمیں شامل ہیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر بھر میں ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے اور شہری ان منصوبوں کے مثبت اثرات کو محسوس بھی کرنے لگے ہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ رفتار ابھی تسلی بخش نہیں اور عوامی توقعات کو پورا کرنے کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے صرف ٹینڈر جاری کرنے یا فنڈز مختص کرنے تک محدود نہیں ہوتے بلکہ یہ حکومت اور بلدیاتی انتظامیہ کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ کراچی کے عوام کو بہتر سہولیات اور مؤثر شہری خدمات فراہم کی جائیں، میئر کراچی نے تمام چیف انجینئرز اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ جاری منصوبوں پر کام تیز کیا جائے اور انہیں فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ تمام اسکیموں کی تکمیل کی رپورٹ 30 مئی تک پیش کی جائے، انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی میں سو سے زائد ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے جبکہ 139 نئی سڑکوں کی اسکیمیں بھی منصوبہ بندی کے مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ نئی اسکیموں پر بھی بلا تاخیر کام شروع کیا جا سکے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اس وقت شہر میں ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کراچی کی ترقی کے منصوبوں کی مکمل حمایت کر رہی ہے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ ٹیکسز (ایم یو سی ٹی) کے تحت جمع ہونے والی رقم بھی شہر کے انفراسٹرکچر کی بحالی اور بہتری کے لیے استعمال کی جا رہی ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر کی انتظامیہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترقیاتی وژن کے مطابق کراچی کے شہریوں کے لیے عملی اور نمایاں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہے، اجلاس کے دوران مشیر مالیات کے ایم سی گلزار ابڑو نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی اور اجرا کے حوالے سے میئر کراچی کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں مزید فنڈز جاری کیے جائیں گے اور فنڈز کے اجرا میں کسی قسم کی انتظامی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی، اجلاس میں میونسپل کمشنر کراچی ابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار ابڑو، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل، چیف انجینئرز اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button