میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہمیں ذاتی مفادات پر قومی مفادات پر ترجیح دینا ہوگی، قائد اعظم نے ہمیشہ قومی مفادات کو پیش نظر رکھا اور قیام پاکستان اس بات کا واضح ثبوت ہے، 23/ مارچ 1940 کی قرار داد برصغیر کے مسلمانوں کی اجتماعی آواز تھی، ا ن خیالات کا اظہار میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے یوم پاکستان کے موقع پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،

اس موقع پر منتخب بلدیاتی نمائندے اور کے ایم سی کے محکمہ جاتی سربراہان بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو منظور کی گئی قراردادِ پاکستان کے نتیجے میں ملک کا قیام ممکن ہوا،قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم رہنما تھے، جنہوں نے پاکستان کے حصول کے لیے بے مثال قیادت فراہم کی اور وہ اس ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانا چاہتے تھے، پاکستان لازوال اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے اور یوم پاکستان کو شایان شان طریقے سے منانا پاکستان سے تجدید عہد ہے اور ہمیں ایک قوم بن کر بلا امتیاز و تفریق خدمت کے جذبے سے کام کرنا چاہئے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے افکار کے پیش نظر اپنے باہمی اختلافات کو بھلا کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا ہوگا اور مملکت پاکستان کے مقاصد کو سامنے رکھنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ شہر میں 100 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، اور تمام منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے۔ کراچی میں پانی کے بڑے منصوبے کے-فور پر کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو درپیش پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کیا جا سکے، اس کے علاوہ متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب گامزن کرنے کے لیے متعدد کھیلوں کے میدان، پارکس، اور پلے گراؤنڈ بھی تعمیر کررہے ہیں، میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ہمیں ذاتی معاملات کو قومی مفاد پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔پاکستان کی فوج نے بڑی قربانیوں کے بعد دہشت گردی پر قابو پایا تھا، اور ہمیں ملک کے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہوگا، میئر کراچی نے کہا کہ ہم ایک طویل عرصے سے دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں اور پاک فوج مسلسل اس جدوجہد میں مصروف عمل ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردی اور سماج دشمن عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اس جدوجہد میں پاک فوج سمیت عوام نے بھی قربانیاں دی ہیں اور اس مقصد کے لئے پوری قوم ہم آواز ہے وہ دور نہیں جب یہ ملک امن و آشتی کا گہوارہ ہوگا، کراچی کی ترقی اور عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس مشن کو جاری رکھیں گے۔






