میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت کمشنر آفس میں شہر کے انڈسٹریل زونز کی بحالی اور ترقی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف انڈسٹریل ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے نمائندگان، سیکرٹری لیبر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، اجلاس کے دوران ٹریڈ اور انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کی جانب سے اپنے اپنے علاقوں میں مجوزہ ترقیاتی اسکیمز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن نے تین مختلف منصوبوں کے لیے 600 ملین روپے کی تجاویز پیش کیں جبکہ کے آئی ٹی ای کے لیے 2 ارب روپے کی اسکیمز تجویز کی گئیں

، اسی طرح ایف بی ایریا ایسوسی ایشن کی جانب سے 859 ملین روپے، لانڈھی ایسوسی ایشن کے لیے 2 ارب روپے اور نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کے لیے ایک ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے پیش کیے گئے، بن قاسم انڈسٹریل ایریا کے لیے بھی 621 ملین روپے کی اسکیمز زیر غور آئیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے انڈسٹریل زونز کی بحالی اور ترقی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی کاموں کو مزید موثر اور تیز بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فاسٹ ٹریک بنیادوں پر عملدرآمد کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ٹریڈ اور انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کو جلد فنڈز کی فراہمی کا آغاز کیا جائے گا تاکہ منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے، میئر کراچی نے ایسوسی ایشنز سے درخواست کی کہ وہ مجوزہ اسکیمز کے ساتھ ان کی تکمیل کی متوقع تاریخ بھی فراہم کریں تاکہ تاجروں اور شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے،میئر کراچی نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون سے کراچی کو ایک جدید اور ترقی یافتہ صنعتی شہر بنایا جائے گا۔






