سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اچانک دورہ کیا اور سیوریج سسٹم اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران واسا حکام کی جانب سے اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے جاری ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار پر اطمینان بخش بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کوالٹی ایشورنس کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ وہ جاری منصوبوں کے سرپرائز وزٹس کریں اور روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹس پیش کریں۔ مزید برآں، ہدایت کی گئی کہ ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے لیے رات کے اوقات میں بھی زیادہ سے زیادہ کام جاری رکھا جائے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ تمام منصوبے مون سون سیزن سے قبل مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے خبردار کیا کہ غفلت یا ناقص کارکردگی کے مرتکب افسران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر غفلت اور نااہلی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید کہا کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے گا تاکہ منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔






