سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج انفراسٹرکچر ڈیزائن کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں National Engineering Services Pakistan (NESPAK) حکام نے جاری ترقیاتی کاموں میں پیش رفت پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ
نیسپاک اس وقت 12 اضلاع میں سیوریج انفراسٹرکچر کے ڈیزائن پر کام کر رہا ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے نیسپاک حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج انفراسٹرکچر ڈیزائن کی مقررہ ڈیڈ لائن 15 اپریل پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ڈیزائنز مقررہ تاریخ تک مکمل کیے جائیں۔مزید ہدایت کی کہ نیسپاک کی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی اور رفتار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ ڈیزائن کے مراحل بروقت مکمل ہو سکیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق نیسپاک کی جانب سے تیار کیے گئے ڈیزائنز کے معیار کو بھی سختی سے جانچا جائے گا، جبکہ کوالٹی اشورنس کمیٹیاں نیسپاک کی کارکردگی کی بھی نگرانی کریں گی۔مزید اس امر پر زور دیا کہ مون سون سیزن سے قبل ترقیاتی کاموں کی تکمیل ناگزیر ہے، اور سیوریج انفراسٹرکچر کے ڈیزائن میں کسی بھی قسم کی تاخیر سے مجموعی کام کی رفتار متاثر ہوگی۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پر تمام حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔






