وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور میں صفائی آپریشنز کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریلوے لائنز اور کنٹونمنٹ کے منتخب علاقے بھی ستھرا پنجاب پروگرام میں شامل کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ٹاؤن ہال میں صفائی آپریشن کا جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعلٰی کے مشیر برائے سیاسی امور ذیشان ملک، معاون خصوصی شعیب مرزا، ڈپٹی کمشنر/ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز، ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام میں یونین کونسلز کی تعداد بڑھنے کے تناظر میں پیشگی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بڑی نجی ہاؤسنگ سکیموں کا کوڑا بھی ڈمپ کرنے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ نجی ہاؤسنگ سکیموں کو خدمات مہیا کر کے فیس وصول کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے تحت لاہور میں 13 ہزار بیٹس beats ہیں۔ ستھرا پنجاب کے تحت لاہور شہر میں 10 ہزار 500 فٹ گلیوں اور سڑکوں کی صفائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو عارضی ڈمپنگ پوائنٹس بنانے کیلئے سرکاری اراضی کی نشاندہی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر علاقے کے قریب عارضی ڈمپنگ پوائنٹس بننے سے نتائج میں بہتری آئے گی اور وسائل کی بھی بچت ہوگی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ گوالہ کالونیوں کے گوبر کو بروئے کار لانے کیلئے بائیوگیس پلانٹ لگائیں گے۔ اس حوالے سے پائلٹ پراجیکٹ کامیابی کے ساتھ پیداوار دے رہا ہے۔ لاہور کے گوالوں نے فی مویشی فیس ادا کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے جو خوش آئند سوچ ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ شہری خالی پلاٹس پر کوڑا پھینکنے سے گریز کریں اور اپنی شکایات ہیلپ لائن پر درج کرائیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کا "ستھرا پنجاب” ایک مستند برانڈ بن چکا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کا ہر علاقہ صاف رکھنے کیلئے نیٹ ورک مسلسل متحرک ہے۔اجلاس میں ٹائون مینجرز کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے اضافی فنڈز مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی کے مشیر ذیشان ملک نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے ستھرا پنجاب کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کئے۔ فیلڈ سپروائزرز کی مانیٹرنگ کا میکانزم موثر بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلی کے معاون خصوصی شعیب مرزا نے ہدایت کی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز سپاٹ چیکنگ کیلئے مسلسل دورے کریں۔ غیر حاضری پر کسی قسم کی نرمی نہ کی جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز نے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صفائی کا جو معیار اب ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھا۔ وزیراعلی مریم نواز کے مقرر کردہ اہداف حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔






