*پنجاب میں پہلی بار ڈرینز اور نالوں کی صفائی کا جامع پلان، یکم مئی سے خصوصی مہم کا آغاز*

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر میں پہلی بار بڑے پیمانے پر ڈرینز اور نالوں کی صفائی کے لیے جامع اور منظم پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے پنجاب واسا کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق یکم مئی سے 15 جون تک صوبہ بھر میں ڈرینز اور نالوں کی مکمل صفائی کی جائے گی، جس کے تحت 41 اضلاع میں قائم واسا ایجنسیاں بیک وقت اپنے اپنے علاقوں میں ڈی سلٹنگ مہم چلائیں گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس خصوصی مہم کو بروقت مکمل کرنے کو یقینی بنائیں، جبکہ ان کی کارکردگی کا جائزہ بھی اسی مہم کی کامیابی کی بنیاد پر لیا جائے گا۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ واسا ایجنسیاں دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھیں اور “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت میٹروپولیٹن و میونسپل کارپوریشنز کے ساتھ مل کر مؤثر انداز میں اس مہم کو آگے بڑھائیں۔

سیکرٹری ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ ڈرینز اور نالوں کی صفائی سے نہ صرف سیوریج نظام کی استعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ شہری علاقوں میں صفائی کی مجموعی صورتحال بھی بہتر ہوگی۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مون سون سیزن سے قبل اس خصوصی مہم کو ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کے مسائل سے بچا جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ یہ مہم شہری صفائی اور ماحولیاتی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے میں ایک صاف اور محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button