لاہور میں ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم کے پائلٹ پراجیکٹ پر غور،پارکنگ فیس کی ادائیگی موبائل ایپ کے ذریعے ہو سکے گی،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور میں ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم کے پائلٹ پراجیکٹ پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت کے 4 مصروف کمرشل علاقوں ایم ایم عالم روڈ، لبرٹی مارکیٹ، مال ون اور اتفاق ہسپتال میں ڈیجیٹل پارکنگ کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز ہوگا۔ اس حوالے سے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ اور لاہور پارکنگ کمپنی (لی – پارک) کے سی ای او نوید وِرک نے بھی شرکت کی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ لاہور میں بڑھتی ٹریفک کے باعث پارکنگ سسٹم میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم میں پارکنگ فیس کی ادائیگی موبائل ایپ کے ذریعے ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیو ار کوڈ سے پارکنگ فیس براہ راست لاہور پارکنگ کمپنی کے اکائونٹ میں جائے گی جس سے اوور چارجنگ کی شکایات ختم ہونے کے ساتھ ٹریفک مینجمنٹ میں بھی مدد ملے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم کیلئے آئی ٹی کمپنی "زندگی” نے بلا معاوضہ خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ "زندگی” کی پیشکش پر غور کریں گے تاہم حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پارکنگ کے لئے دنیا کے کامیاب ماڈلز کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔ اگلے مرحلے میں ڈیجیٹل پارکنگ سٹینڈز کو سیف سٹیز اتھارٹی سے بھی منسلک کیا جا سکتا ہے۔

صوبائی وزیر نے لی ـ پارک کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے سی ای او کو شاباش دی۔ سی ای او نوید وِرک نے اجلاس کو بتایا کہ ڈیجیٹل پارکنگ کے لئے لی – پارک کا مخصوص ڈیش بورڈ بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق لاہور میں پارکنگ نظام میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے متعدد اقدامات پر کام کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button