پنجاب حکومت نے مون سون سے قبل اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر میں جاری سیوریج ڈی سلٹنگ مہم مزید تیز کر دی ہے جبکہ مہم کی مؤثر نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل ڈیش بورڈ میں نئے مانیٹرنگ فیچرز شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے 41 اضلاع کے ایم ڈی واساز نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں پری مون سون تیاریوں، ڈرینز اور سیوریج سسٹم کی صفائی، اور فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اپ گریڈ شدہ ایپلیکیشن کے ذریعے واسا فیلڈ اسٹاف رئیل ٹائم ڈیٹا، تصاویر اور پیش رفت کی رپورٹس اپلوڈ کر سکے گا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام ڈیش بورڈ کے ذریعے مہم کی براہ راست نگرانی کر سکیں گے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ ڈی سلٹنگ مہم بروقت مکمل کی جائے اور ڈرینز، نالوں، سیوریج لائنوں، مین ہولز اور ڈسپوزل اسٹیشنز کی صفائی کے ہر مرحلے کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کلومیٹر کی صفائی کا ریکارڈ محفوظ کیا جائے اور افسران کی کارکردگی کی سخت جانچ کی جائے گی۔نورالامین مینگل نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق مون سون سے قبل تمام تیاریاں تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں اور تمام افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر ازخود مانیٹرنگ کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پرفارمنس ایویلیوایشن کے لیے روزانہ کی بنیاد پر تصاویر سمیت ڈیٹا اپلوڈ کیا جائے گا جبکہ حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے عملے کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات فوری مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ وقار عظیم، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عمر فاروق اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔






