*کراچی بھر میں بیوٹیفکیشن زونز قائم کرنے کا فیصلہ*

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر بھر میں خصوصی بیوٹیفکیشن زونز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد پائیدار شہری انفراسٹرکچر کو فروغ دینا، گرین اسپیسز میں اضافہ کرنا اور کراچی کے مجموعی حسن کو بہتر بنانا ہے۔ یہ فیصلہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، فنانشل ایڈوائزر گلزار ابڑو، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال، سینئر انجینئرنگ افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔جس میں شہر کے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل نے میئر کراچی کو ضلعی ترقیاتی منصوبوں، صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) اسکیموں، کلک پروجیکٹ کے تحت جاری کاموں اور دیگر انفراسٹرکچر منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ منصوبوں کی تکمیل کے اوقات، پیش رفت اور باقی ماندہ کام سے متعلق تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دیں کہ جاری ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمی پیش گوئی کے مطابق رواں سال کراچی میں شدید مون سون بارشوں کا امکان ہے، اس لیے سڑکوں کی بحالی، نکاسی آب اور شہری انفراسٹرکچر سے متعلق منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، لہٰذا تمام متعلقہ ادارے جاری کاموں میں تیزی لائیں تاکہ شہر مون سون سیزن سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہو۔ میئر کراچی نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے مثبت اثرات اب شہر میں نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ کئی بڑے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی واضح پیش رفت سے شہری اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ کراچی کے تمام بڑے منصوبوں اور مرکزی شاہراہوں کے لیے جامع بیوٹیفکیشن اور لینڈ اسکیپنگ پلان تیار کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بڑے ترقیاتی منصوبے میں گرین بیلٹس، شہری لینڈ اسکیپنگ، شجرکاری، آرائشی انفراسٹرکچر اور ماحول دوست عناصر کو لازمی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بتدریج مثبت تبدیلی کی جانب گامزن ہے اور شہر کے مشکل دور کا خاتمہ قریب ہے۔ “چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور قیادت میں ایک بہتر اور روشن کراچی ابھر کر سامنے آرہا ہے.

جواب دیں

Back to top button