وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات، محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور محکمہ بلدیات کو ہدایت کی ہے کہ حیدرآباد میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو فلائی اوور منصوبے پر فوری طور پر دوبارہ کام شروع کیا جائے اور اسے جولائی کے پہلے ہفتے تک مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جولائی میں میں حیدرآباد کا دورہ کروں گا اور پل پر گاڑی چلا کر اسے عام ٹریفک کے لیے کھولوں گا، اس لیے تینوں محکموں کے وزراء ناصر شاہ، جام خان شورو اور حاجی علی حسن مل کر فلائی اوور کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات جام خان شورو، وزیر ورکس اینڈ سروسز حاجی علی حسن زرداری، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نجم شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد نے شرکت کی۔بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ
اگرچہ اراضی کے حصول کا عمل مکمل کرکے 2018 کے آخر میں منصوبے کے حکام کے حوالے کردیا گیا تھا تاہم عدالتی مقدمات اور دیگر مسائل کے باعث باقی تعمیراتی کام آگے نہ بڑھ سکا۔یہ منصوبہ ابتدائی طور پر وفاقی حکومت کی مالی معاونت سے بننے والی اس سڑک اسکیم کا حصہ تھا جو حیدرآباد بائی پاس کو اکرم واہ کے بائیں کنارے پر واقع گھنگھرا موری سے ملاتی ہے۔ صوبائی حکومت پہلے ہی 24 پل گرڈرز کی کاسٹنگ سمیت بڑے سول ورکس مکمل کرچکی ہے تاہم ڈھانچہ اب تک نامکمل ہے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ بلدیات، محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے سے کام کریں اور فلائی اوور پر تعمیراتی سرگرمیاں بغیر کسی تاخیر کے دوبارہ شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں مزید کسی تاخیر کو برداشت نہیں کروں گا۔ وزیر حاجی علی حسن زرداری نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ خود فلائی اوور کے کام کی نگرانی کریں گے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے تک اس کی تکمیل یقینی بنائیں گے۔مراد علی شاہ نے زور دیا کہ حیدرآباد فلائی اوور منصوبہ شہری ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور شہر میں رابطہ بہتر بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طویل عرصے سے زیر التوا عوامی انفراسٹرکچر منصوبے کی جولائی 2026 تک تکمیل یقینی بنانے کے لیے تمام تکنیکی، مالیاتی اور انتظامی رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں۔





