وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے لاہور پریس کلب کا دورہ کر کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری افضال طالب اور گورننگ باڈی کے ارکان کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر ارشد انصاری اور افضال طالب نے کلب کی سرگرمیوں اور صحافیوں کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ صوبائی وزیر نے لاہور پریس کلب کے بعض کاموں کے لئے اقدامات کا وعدہ بھی کیا۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے صحافیوں کو بتایا کہ سُتھرا پنجاب کی صورت میں صفائی کا منظم نیٹ ورک روز بروز مضبوط ہورہا ہے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب حکومت پہلی بار سُتھرا پنجاب کے ذریعے دور دراز علاقوں تک پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سُتھرا پنجاب کو خودانحصار بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کے تعاون کے بغیر صفائی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ اِس عیدالاضحیٰ پر انشااللہ پہلے دو سالوں سے بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ میڈیا کا گزشتہ عیدالاضحیٰ پر کردار انتہائی مثبت تھا۔ اس بار بھی میڈیا کو عید صفائی آپریشنز سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز عیدالاضحیٰ پر اقدامات سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہتی ہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ الائشیں مقررہ کولیکشن پوائنٹس پر ہی پھینکیں اور صفائی آپریشنز کی کامیابی میں ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ویسٹ ٹو ویلیو پاکستان میں ایک نیا تجربہ ہے۔ اس پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے غیرملکی ٹیکنالوجی یہاں لائیں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ کمپنی سے اتھارٹی ماڈل کو منتقلی سُتھرا پنجاب کے استحکام کا باعث بن رہی ہے۔ پنجاب اور لاہور لاہور ڈویلپمنٹ، مثالی گائوں کے تمام کنٹریکٹ ای ٹینڈرنگ سے دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز حکومت کی شفاف گورننس کی پالیسی ہر شعبے میں نافذ العمل ہے۔صدر لاہور پریس کلب نے ارشد انصاری نے کہا کہ سُتھرا پنجاب پروگرام بلاشبہ دیگر صوبوں کیلئے باعثِ تقلید ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے عام آدمی کی بہتری کیلئے اچھے منصوبے شروع کئے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر وزیر بلدیات کے شکرگزار ہیں۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر افضال طالب کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔






