عید الاضحٰی گائیڈ لائنز،بلدیاتی اداروں اور ستھرا پنجاب ورکرز کی چھٹیاں منسوخ،فیس ختم،بلدیاتی اداروں کو بھی عارضی سیل پوائنٹس لگائے کی اجازت

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران عیدالاضحیٰ کے لئے انتظامات کا جائزہ لے کر ضروری فیصلے کئے گئے ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور متعلقہ میونسپل افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی منظوری سے محکمہ بلدیات نے عیدالاضحیٰ کیلئے گائیڈ لائنز جاری کردیں۔ عید کے آخری دن تک میونسپل ملازمین اور سُتھرا پنجاب ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ اجلاس میں کل (اتوار) تک پنجاب بھر میں عارضی کیٹل سیل پوائنٹس مکمل فعال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر امسال بھی جانوروں کی خرید وفروخت پر کوئی فیس نہیں وصول کی جائے گی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی مویشی منڈیاں اور سیل پوائنٹس بھی سہولیات مہیا کریں گے جبکہ ہر شہر میں میونسپل کمیٹی بھی عارضی سیل پوائنٹس لگائے گی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی سیل پوائنٹس اور سڑکوں پر خریدوفروخت کو سختی سے روکا جائے۔ ہر شہر میں موٹر سائیکل یا گاڑی پر مانیٹرنگ سٹاف 24 گھنٹے گشت کرے گا۔ شہریوں کی رہنمائی کیلئے رکشہ پر لائوڈ سپیکروں کے ذریعے اعلان کرایا جائے۔ ذیشان رفیق نے یہ بھی کہا کہ سیل پوائنٹس پر سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے نمایاں مقامات پر بینر لازمی لگائے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو خبردار کیا کہ کوئی بیوپاری جانور پکڑ کر سیل پوائنٹس کے باہر نظر آیا تو کارروائی ہوگی۔صوبائی وزیر نے مقامی میڈیا کے ارکان کو تمام عید پلان پر بریفنگ دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال کے تجربے کی روشنی میں اس بار زیادہ بہتر پرفارمنس دکھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کرنے والے گھروں کا سروے کرکے ماحول دوست بیگ تقسیم کئے جائیں۔ علاوہ ازیں ہر یونین کونسل میں آگاہی کیمپ لگائے جائیں جہاں بیگز کی تقسیم شفاف انداز میں کی جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ دیہات میں آلائشیں مقامی سطح پر دفنانے کیلئے انتظامات کئے جائیں تاہم شہروں میں جگہ دستیاب ہو تو گڑھے کھودے جائیں ورنہ آلائشیں منتقل کی جائیں۔ الائشوں والے کولیکشن پوائنٹس کے گرد سبز کپڑے سے حدبندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کیلئے اضافی وسائل کی منظوری دی ہے۔ اب اِن وسائل کو درست انداز میں بروئے کار لانا ہمارا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ضلعی کنٹرول رومز میں موصولہ شکایات پر فوری ایکشن لینا ہوگا۔ اجتماعی قربانی والے مقامات پر خاص توجہ دی جائے، الائشیں ساتھ ساتھ اٹھائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ الائشیں سڑکوں یا نالوں میں پھینکنے والوں کو جرمانہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ میونسپل کمیٹیاں اور سُتھرا پنجاب ایجنسیز ایک ٹیم کی طرح کام کریں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر کے نوٹیفائی کردہ مقام کے سوا کہیں سیل پوائنٹ نہ بنایا جائے۔ ہر سیل پوائنٹ پر پارکنگ، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شکیل احمد نے کہا کہ محکمہ بلدیات کی جانب سے تحریری ہدایات نامہ بھی بھجوا دیا گیا ہے۔ کسی سُستی کی کوئی گنجائش نہیں۔

جواب دیں

Back to top button