گائیڈ لائنز کے مطابق پنجاب بھر میں قائم عارضی کیٹل سیل پوائنٹس کو اتوار تک مکمل طور پر فعال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سڑک کنارے جانوروں کی خرید و فروخت کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نوٹیفائیڈ سیل پوائنٹس کے علاوہ کہیں بھی جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ لوکل گورنمنٹ کے مطابق سُتھرا پنجاب اتھارٹی اور تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں عید آپریشن کے دوران 24/7 متحرک رہیں گی جبکہ عید کے ایام میں متعلقہ دفاتر کے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ رہیں گی تاکہ صفائی اور آلائشوں کی بروقت تلفی کو یقینی بنایا جا سکے۔شہریوں کی سہولت کے لیے بائیوڈیگریڈیبل ویسٹ بیگز کی بروقت فراہمی اور تقسیم کی جائے گی جبکہ ہر یونین کونسل میں آگاہی کیمپس بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو صفائی، ویسٹ مینجمنٹ اور آلائشوں کی محفوظ تلفی سے متعلق آگاہ کیا جا سکے۔گائیڈ لائنز میں ہدایت کی گئی ہے کہ مرکزی اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز مکمل طور پر فعال رکھے جائیں جبکہ سُتھرا پنجاب اتھارٹی ہیڈکوارٹر اور تمام اضلاع میں سینٹرل کنٹرول رومز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ شکایات کے فوری ازالے اور آپریشن کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔مزید برآں آلائشیں سڑکوں، نالوں یا کھلے مقامات پر پھینکنے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام سیل پوائنٹس پر پارکنگ، پانی، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔محکمہ لوکل گورنمنٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور صفائی ستھرائی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صاف ستھرا اور صحت مند ماحول یقینی بنایا جا سکے۔





