*ضلع ملیر گلشنِ حدید اسٹیل ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں کیلئے اہم آبی منصوبے کا افتتاح*

چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن و میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع ملیر میں پپری تا گلشنِ حدید 5 ایم جی ڈی واٹر سپلائی پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو احمد علی صدیقی،چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان، جنرل سیکریٹری پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن رؤف ناگوری، پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، ساجد جوکھیو، شاہ جہاں خان، میر عباس ٹالپور، غلام رضا جتوئی، سٹی کونسل اراکین، واٹر کارپوریشن اور کے ایم سی افسران سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کرتی ہے، گلشنِ حدید اسٹیل ٹاؤن، لانڈھی اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو اب پانی کے لیے کسی دوسرے ادارے کا محتاج نہیں رہنا پڑے گا، تقریباً 500 ملین روپے کی لاگت سے چار کلومیٹر طویل علیحدہ پائپ لائن بچھائی گئی ہے جس سے پانچ لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی، انہوں نے واٹر کارپوریشن حکام کو دو ماہ کی قلیل مدت میں منصوبہ مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اسٹیل مل انتظامیہ کی جانب سے پانی کی فراہمی بند کیے جانے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار تھے مگر پاکستان پیپلزپارٹی کی شہری حکومت نے یہ مسئلہ حل کردیا، انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق شہر بھر میں عوامی سہولیات میں اضافہ کیا جارہا ہے اور ملیر و گلشنِ حدید کے عوام کے لیے مزید ترقیاتی منصوبے لائے جائیں گے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری وعدہ کرتے ہیں تو اسے پورا بھی کرتے ہیں، آج کی یہ تقریب عوامی محبت کی وجہ سے ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کرگئی ہے،ماضی میں بعض عناصر کہتے تھے کہ واٹر کارپوریشن یہ منصوبہ مکمل نہیں کرسکے گی لیکن اداروں میں نئی قیادت اور بہتر ٹیم ورک کے باعث یہ خواب حقیقت بن گیا، انہوں نے کہا کہ روزانہ 50 لاکھ گیلن پانی کی فراہمی شروع ہوچکی ہے اور اب شہریوں کو پانی کے لیے اسٹیل مل پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا، انہوں نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات کرتے ہیں وہی عوام کا پانی بند کرتے رہے،میئر کراچی نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کی تعمیر سے ملیر اور اطراف کے علاقوں کے عوام کو بڑی سہولت ملی ہے اور انہیں آج گلشنِ حدید پہنچنے میں صرف 40 منٹ لگے، جبکہ ماضی میں اس سفر میں سوا گھنٹہ درکار ہوتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز 22 ہزار گاڑیوں نے شاہراہ بھٹو استعمال کی، انہوں نے کہا کہ گلشنِ حدید میں نالوں، سڑکوں، پارکس اور پیور بلاکس کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جبکہ ایئرپورٹ سے گھگھر تک این-5 نیشنل ہائی وے کی تعمیر و بحالی کا کام بھی شروع کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ پپری سے آنے والی پرانی پانی لائنوں کی لیکیج ختم کردی گئی ہے اور 30 جون سے قبل دھابیجی رائزنگ اور دیگر منصوبوں کو بھی فعال کردیا جائے گا تاکہ کراچی کو مسلسل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ واٹر کارپوریشن کی جانب سے علاقے میں کلورینیشن سینٹر اور دفتر قائم کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے تاکہ جیٹنگ مشینیں اور عملہ مقامی سطح پر دستیاب ہو اور عوامی مسائل فوری حل کیے جاسکیں، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بلنگ نظام میں واٹر کارپوریشن کا ساتھ دیں تاکہ حاصل ہونے والی آمدنی مقامی انفراسٹرکچر اور سہولیات کی بہتری پر خرچ کی جاسکے۔

جواب دیں

Back to top button