محرم الحرام کے دوران فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک رہیں گے، شہری انتظامیہ، بلدیاتی ادارے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں تاکہ محرم الحرام کے ایام میں امن و امان، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھی جا سکے،اتحاد بین المسلمین اور باہمی احترام وقت کی اہم ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں محر م الحرام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرمیونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، منیجنگ ڈائریکٹر واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی، منیجنگ ڈائریکٹر سند ھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نظامانی اور کے ایم سی کے محکمہ جاتی سربراہان کے علاوہ علماء کرام، مشائخ عظام اور منتظمین جلوس کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے افراد کو ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے امن، اخوت اور رواداری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ علماء کرام کی جانب سے نشاندہی کیے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور شہر بھر میں انتظامی اقدامات کے عملی نتائج نظر آئیں گے،اس موقع پر علماء کرام نے بتایا کہ کراچی میں موجود امام بارگاہوں جہاں محرم الحرام کے دوران مجالس منعقد ہوتی ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ یکم تا 10 محرم الحرام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، میئر کراچی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، میئر کراچی نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات کے خاتمے، سڑکوں کی مرمت، صفائی ستھرائی، سیوریج کی بہتری اور دیگر بلدیاتی امور پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے معظم قریشی کو فوکل پرسن کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ رینجرز، پولیس، ضلعی انتظامیہ، فائر بریگیڈ، ریسکیو سروسز اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل رابطے میں ہیں اور محرم الحرام کے دوران فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں منعقد ہونے والی مجالس اور برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں کے شرکاء کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، پانی اور سیوریج سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ علماء کرام کی جانب سے اجلاس میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

جواب دیں

Back to top button