*میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ، عام شہری کی حیثیت سے او پی ڈی میں معائنہ کروایا*

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ کیا اور عام شہری کی طرح او پی ڈی کا باقاعدہ طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے اپنا طبی معائنہ کروایا، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی اور محکمہ اسٹیٹ کی سینئر ڈائریکٹر سمیرا بھی موجود تھیں۔ میئر کراچی نے اسپتال پہنچ کر عام مریضوں کی طرح پرچی حاصل کی، او پی ڈی میں اپنی باری کا انتظار کیا اور بغیر کسی خصوصی پروٹوکول کے ڈاکٹر سے اپنا چیک اپ کروایا،اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ شہر میں صحت کی معیاری سہولیات ہر شہری کو بلا امتیاز اور مساوی بنیادوں پر فراہم کی جائیں، عوامی اداروں پر شہریوں کا اعتماد بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسپنسر آئی اسپتال کی حالت مختلف تھی تاہم آج یہ ادارہ عوام کے اعتماد کا مرکز بن رہا ہے اور میں خود بھی اسی اسپتال میں علاج کروا رہا ہوں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سرکاری اداروں میں بہتری لائی جارہی ہے،میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں طبی سہولیات، ادویات، صفائی ستھرائی اور جدید طبی آلات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہترین علاج کی سہولیات میسر آسکیں،انہوں نے کہا کہ عوامی اثاثوں کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ان کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ہر شہری ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کرسکے، شہریوں کے ٹیکس سے قائم اداروں کو عوامی خدمت کا حقیقی مرکز بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ اسپنسر آئی اسپتال جیسے ادارے کراچی کے شہریوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، جہاں آنکھوں کے علاج سے متعلق بنیادی اور اہم طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ان اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے، جدید تقاضوں کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں اور مریضوں کو بہتر ماحول میں معیاری علاج کی سہولت دستیاب ہو،انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے تحت چلنے والے اسپتالوں اور طبی مراکز کی بہتری کے لیے مسلسل اقدامات جاری ہیں۔ ڈاکٹرز، طبی عملے اور انتظامی افسران کے تعاون سے صحت کے شعبے میں مزید بہتری لائی جائے گی تاکہ کراچی کے شہریوں کو علاج معالجے کے لیے بہترین سہولیات اپنے شہر میں ہی میسر آسکیں۔

جواب دیں

Back to top button