وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی 105 واٹر سٹوریج ٹینکس میں سے 49 فیصد مکمل ہوگئے ہیں۔ اب تک 51 سٹوریج ٹینکس بن چکے ہیں جبکہ 46 کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک جائزہ اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں اور ایڈیشنل سیکرٹری مہرین فہیم عباسی نے بھی شرکت کی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے محکمہ بلدیات کو مجموعی طور پر 52 شہروں کیلئے ترقیاتی سکیموں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت 114 ڈرینز میں سے 27 بن گئی ہیں۔ 30 ڈرینز کی تعمیر آخری مراحل میں ہے جبکہ 57 ڈرینز کا 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ صوبائی وزیر نے موسم برسات کی آمد کے پیش نظر سیفٹی اقدامات کا سوفیصد خیال رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو ڈرین مکمل ہو جائے اسے فورا انڈرگرائونڈ ٹینک سے منسلک کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اربن فلڈنگ کے تدارک کیلئے واٹر سٹوریج ٹینکس کا منصوبہ اہمیت کا حامل ہے۔ پی ڈی پی کے لئے نئے مالی سال کے بجٹ میں مزید فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ سیوریج سسٹم کے علاوہ کچی گلیوں کو پختہ کرنے کی سکیمیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ شہروں میں مرحلہ وار سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور پارکس کی تعمیر و مرمت کا کام بھی ہوگا۔ کوشش ہے کہ مون سون کے باقاعدہ آغاز سے پہلے تعمیراتی ٹارگٹ پورا کر لیا جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی میں شامل شہروں کو ضروری مشینری کی فراہمی تقریبا مکمل ہوچکی ہے۔ ڈی واٹرنگ سیٹس، ڈی سلٹنگ اور سکشن مشینوں کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔

جواب دیں

Back to top button