میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 41 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والے خواجہ اجمیر نگری چورنگی سے منگھوپیر روڈ پر ڈیڈیکس فیکٹری تک 1800 میٹر طویل جدید ڈوئل کیرج وے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کے ایم سی سٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندے اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی. مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جدید انفراسٹرکچر، بہتر سڑکوں، پانی کی فراہمی اور نکاسیٔ آب کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو معیاری بلدیاتی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ میئر کراچی نے بتایا کہ منصوبے کے تحت دونوں طرف 10.25 میٹر چوڑی جدید سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں، جبکہ کرب بلاکس، جدید میڈین، روڈ مارکنگ، مؤثر ڈرینیج سسٹم اور دیگر بنیادی سہولتوں کے ساتھ منصوبہ سو فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 8 کروڑ 68 لاکھ 95 ہزار 660 روپے کی لاگت سے 700 میٹر طویل 48 انچ قطر کی واٹر سپلائی لائن کی بحالی کا منصوبہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 16 ٹی کنکشنز نصب کیے گئے، تقریباً 4 ہزار لیکیجز کی مرمت کی گئی، 2400 غیر قانونی پانی کے کنکشنز ختم کیے گئے اور 54 گلیوں میں نئی 4 انچ قطر کی واٹر سپلائی لائن بچھائی گئی، جس سے علاقے میں پانی کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت 53 ڈبل آرم اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں، سیوریج نالے کی ونچنگ کے ساتھ مؤثر نکاسیٔ آب کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو جدید اور پائیدار سہولتیں میسر آ سکیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی خدمت کے منشور کے مطابق کراچی کی ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے اور شہر میں جدید انفراسٹرکچر، معیاری بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے. میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ ماضی میں یہاں کبھی سڑک تعمیر نہیں کی گئی، مختلف سیاسی جماعتیں آئیں، بڑے وعدے کئے مگر عملی کام نہ ہوسکا، انہوں نے کہا کہ کراچی مختلف قومیتوں کا گلدستہ ہے اور اس گلدستے کی خوبصورتی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، منگھوپیر کے عوام کا دیرینہ مسئلہ پیپلز پارٹی نے حل کیا ہے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نمائندے کراچی کے ہر علاقے میں جا کر عملی طور پر کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ منافقین اور حاسدین کو جواب کارکردگی سے دیا جائے گا. پیپلز پارٹی کے منشور اور بلاول بھٹو زرداری کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں گے اور عوام کو بتایا جائے گا کہ کس نے وعدہ کیا اور کس نے اسے نبھایا، انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ برسوں سے علاقے کے عوام کا خواب تھا، جسے پہلی مرتبہ عملی شکل دی گئی۔ میئر کراچی نے کہا کہ تعمیر ہونے والی اس سڑک سے ضلع وسطی اور ضلع غربی کے درمیان آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو سفری سہولت میسر ہوگی. انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باوجود شہر میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور عوامی نمائندے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سچی قیادت اپنے وعدے پورے کرتی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کونسلرز، یوسی چیئرمینز، ٹاؤن چیئرمینز، ڈپٹی میئر اور دیگر منتخب نمائندے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کریڈٹ کی سیاست نہیں بلکہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور جو بھی عوامی مفاد کے لیے کام کرے، پارٹی اس کے ساتھ تعاون کرتی ہے۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں تعاون کرنے والے اتحادیوں اور مقامی منتخب نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام فعال ہے اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے گئے ہیں، جس کے باعث عوام اپنے مسائل کے حل کے لیے براہِ راست یوسی چیئرمین، کونسلر، ٹاؤن چیئرمین، ڈپٹی میئر اور میئر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں، خصوصاً پنجاب میں بھی مضبوط بلدیاتی نظام اور بااختیار میئرز کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو مقامی سطح پر بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ کراچی میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں اور شہر کی بہتری کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقی اور خدمت کی سیاست کا ساتھ دیں تاکہ کراچی کو مزید بہتر اور جدید شہر بنایا جا سکے۔






