*صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین نے جیلانی پارک کے مرکزی دروازے کی بحالی کے بعد افتتاح کردیا۔*

صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین نے جیلانی پارک کے مرکزی دروازے کی بحالی کے بعد افتتاح کردیا۔ ایم ڈی پی ایچ اے لاہور احمد عثمان جاوید،ایے ایم ڈی راؤ تسلیم اختر بھی ہمراہ تھے۔ افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر 79 ویں جشن آزادی کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح سیاسی محاذ آرائی نہیں بلکہ عوام کو ریلیف اور گورننس کی بہتری ہے۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں تمام سیاسی قوتوں کو قومی مفاد، جمہوری روایات اور سیاسی برداشت کو ترجیح دینی چاہیے۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا عالمی تناظر میں پاکستان کی اہمیت کا اندازہ ان لوگوں سے لگوائیں جو ملک کو ڈیفالٹ کر کے گئے ہیں۔ ڈیفالٹ ڈیفالٹ کی رٹ لگانے والوں کو پہلے بھی منہ کی کھانا پڑی اور اب بھی کھائیں گے۔ ایران جنگ میں پاکستان کے کردار کی عالمی سطح پر پذیرائی کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ مکہ معاہدہ میں پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کی شمولیت کوئی سادہ بات نہیں ہے ۔افواج پاکستان ہماری عسکری قوت کا مقابلہ کوئی آسان کام نہیں۔ بلال یاسین نے واضح کیا کہ عوام نے حکومت کو مینڈیٹ اس لیے دیا کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں، سڑکوں پر احتجاج اور سیاسی کشیدگی عوامی مسائل کا حل نہیں۔ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہاؤسنگ، صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات کے منصوبوں پر عملی کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت کا فوکس عام آدمی کے معیارِ زندگی میں بہتری پر ہے۔ حکومت کے فلاحی منصوبوں کا مقصد سیاسی تشہیر نہیں بلکہ مستحق خاندانوں کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے۔ پنجاب کے ہر شہر میں ای بسیں، پختہ سڑکیں، سکالرشپس، ہسپتال،صاف پانی، واسا، سہولت بازار، سیف سٹی کیمرے لگائے جارہے ہیں۔ بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے ذریعے کم آمدن والے خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر کے لیے بلاسود مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، سیاسی اختلاف ہر جمہوری معاشرے کا حصہ ہے، تاہم اختلاف کو انتشار اور تصادم میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت اپوزیشن سمیت تمام سیاسی قوتوں کے مثبت کردار کا احترام کرتی ہے،ملکی معیشت میں بہتری اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کے مسائل کا حل چاہتے ہیں، حکومت کی توجہ انہی حقیقی مسائل کے حل پر ہے۔ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جا رہی ہے اور عوامی وسائل کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے۔ موجودہ حالات میں سیاسی قیادت کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں سوچنا ہوگا۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ کسی سیاسی دباؤ کو عوامی خدمت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ مہنگائی، بے روزگاری، پسماندگی اور عوامی مسائل سے ہے۔

جواب دیں

Back to top button