ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے بابو صابو اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے میونسپل سروسز، صفائی کے انتظامات اور نالوں کی ڈی سلٹنگ کے جاری عمل کا جائزہ لیا۔ دورے کا بنیادی مقصد شہر کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنا اور شہریوں کو ڈینگی سے پاک صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔ ڈی سی لاہور نے واضح کیا ہے کہ عوامی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر انتظامی امور بشمول صفائی کے مثالی نظام کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو سہولت میسر آ سکے۔تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی رانا عامر لیاقت,میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشنز جواد الحسن گوندل اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان کے ہمراہ بابو صابو کی ڈمپنگ سائٹ اور نکاسی آب کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورہ کے دوران ڈی سی لاہور کو ستھرا پنجاب ڈمپنگ سائٹ، صفائی کے آپریشنز اور ڈینگی فیلڈ سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انتظامیہ کو بتایا گیا کہ بابو صابو نالے کی ڈی سلٹنگ کے تین سائیکلز کامیابی سے مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ چوتھے مرحلے پر کام تیزی سے جاری ہے تاکہ بارشوں کے دوران نالوں سے پانی کے بلا تعطل نکاس کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی سی لاہور نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب ڈمپنگ سائٹ کو فوری طور پر باؤنڈری وال سے کور کیا جائے تاکہ تعفن کا خاتمہ ہو اور ماحولیاتی بہتری ممکن ہو سکے۔ ڈینگی کے حوالے سے سخت ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
لاروا ملنے کی صورت میں فوری رپورٹنگ کی جائے اور متاثرہ جگہ کے گردونواح میں ایس او پیز کے مطابق اسپرے کا عمل ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ نالوں کی مسلسل صفائی سے لاہور میں اربن فلڈنگ کے خطرات کو نمایاں حد تک کم کر دیا گیا ہے اور ضلعی ٹیمیں فیلڈ میں پوری طرح متحرک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل سروسز کے معیار کو بہتر بنا کر شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔






