میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی، واٹر کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کے ہمراہ آئی آئی چندریگر روڈ، کھارادر، میٹھادر اور اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے مختلف مقامات پر جاری بیوٹیفکیشن، سڑکوں کی بہتری اور دیگر ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے جاری کاموں کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر سڑکوں، گلیوں، فٹ پاتھوں اور دیگر شہری سہولیات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور مختلف مقامات پر صفائی ستھرائی سمیت بلدیاتی امور کا مشاہدہ کیا، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اور بحالی کے کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور جہاں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے وہاں فوری اقدامات کیے جائیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رات گئے پیدل دورے کا بنیادی مقصد شہر کی صورتحال کو زمینی حقائق کے مطابق دیکھنا اور شہریوں کی شکایات براہِ راست سننا ہے،
انہوں نے کہا کہ دفتر میں بیٹھ کر شہر کے مسائل کا مکمل اندازہ نہیں لگایا جاسکتا، اسی لیے مختلف علاقوں کا خود دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جاسکیں،انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک شہریوں کو درپیش مسائل حل نہیں ہوتے، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے افسران اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں کیونکہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،میئر کراچی نے مختلف مقامات پر شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل و شکایات دریافت کیں، شہریوں نے سڑکوں، گلیوں، صفائی ستھرائی اور دیگر بلدیاتی امور سے متعلق اپنی مشکلات سے آگاہ کیا جس پر میئر کراچی نے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن کے کاموں کی نگرانی کا عمل جاری رہے گا اور اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں۔






