پنجاب کے متعدد اضلاع میں ریکارڈ بارشیں،اعدادوشمار جاری،جہلم میں سب سے زیادہ بارش،اوسط 368.6 ملی میٹر اور زیادہ سے زیادہ 498 ملی میٹر ریکارڈ

پنجاب کے متعدد اضلاع میں 16 اگست سے جاری بارشوں کے چھٹے سپیل کے دوران ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں۔ محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جہلم میں بارش کا اوسط 368.6 ملی میٹر ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ بارش 498 ملی میٹر رہی۔اعدادوشمار کے مطابق راولپنڈی میں بارش کا اوسط 278.16 ملی میٹر جبکہ زیادہ سے زیادہ بارش 433 ملی میٹر، سیالکوٹ میں اوسط 230 ملی میٹر اور زیادہ سے زیادہ 358 ملی میٹر، اٹک میں اوسط 224 ملی میٹر اور زیادہ سے زیادہ 299 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح گجرات میں بارش کا اوسط 222.6 ملی میٹر جبکہ زیادہ سے زیادہ 318 ملی میٹر، وزیرآباد میں اوسط 216.5 ملی میٹر اور زیادہ سے زیادہ 235 ملی میٹر، جبکہ مری میں بارش کا اوسط 110.2 ملی میٹر اور زیادہ سے زیادہ 129.4 ملی میٹر ریکارڈ کیا گیا۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے جہلم، راولپنڈی، گجرات، سیالکوٹ سمیت متعدد اضلاع میں بارش کی صورتحال اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ واسا ایجنسیوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جائے اور نشیبی علاقوں سے پانی کے فوری اخراج کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران واسا کی مشینری اور فیلڈ اسٹاف مکمل طور پر متحرک رہیں اور تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسیٔ آب کے آپریشنز کی مؤثر نگرانی کریں۔نورالامین مینگل نے کہا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نکاسیٔ آب کے آپریشنز میں تسلسل برقرار رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری یقینی بنائی جائے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بارشوں کے دوران فیلڈ آپریشنز کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطہ کاری کے ساتھ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک ہیں۔

جواب دیں

Back to top button