اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے محکمہ پولیس اور محکمہ مال کے کرپٹ افسران کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سہیل ظفر چٹھہ نے تمام ضلعی اور ڈویژنل افسران کو کرپشن کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹاسک سونپ دیا۔گزشتہ 24 گھنٹے میں محکمہ مال اور محکمہ پولیس کے درجنوں افسران اور دیگر ملازمین کو کرپشن کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ۔اینٹی کرپشن نے ساہیوال سے سب انسپکٹر پنجاب پولیس عبدالسلام اور فیصل اباد کے اے ایس آئی محمد عرفان کو گرفتار کیا۔اینٹی کرپشن بہاولپور نے تحصیلدار یاسین شاکر اور نائب تحصیلدار حسنین غنی کو کرپشن کے الزامات میں گرفتار کر لیا۔اینٹی کرپشن نے بہاولنگر سے سابقہ نائب تحصیلدار علی اکبر ، پٹواری محمد وقاص اور پٹواری لیاقت علی کو گرفتارکیا۔

اینٹی کرپشن نے ملتان کے ریکارڈ کیپر رجسٹری برانچ عمر دراز کو گرفتارکر لیا۔ ایل ار او نور الحسن،انچارج ریکارڈ سینٹر محمد علی راجپوت اور ایس سی او شاہد کو بھی سیالکوٹ سے گرفتار کیا گیا۔اینٹی کرپشن نے دیپال پور کے پٹواری مدثر سیف، ملتان سے پٹواری اللہ نواز، منڈی بہاوالدین سے پٹواری محمد عثمان کو گرفتارکیا۔ساہیوال سے پٹواری عثمان اقبال اور پرائیویٹ کلرک حمزہ الیاس کی گرفتاری ہوئی۔چنیوٹ کے پٹواری نذر عباس، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے کاشف صدیق کو بھی گرفتارکیا گیا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن افسران کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔کرپٹ عناصر کو ہر قیمت پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔عوام بلا جھجک کرپشن اور کرپٹ عناصر کی نشان دہی کریں۔عوام خصوصی ہیلپ لائن 3050 پر کال کر کے بھی کرپشن کی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں ۔
