میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ، مریضوں سے ملاقات

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، مختلف وارڈز، اسٹور روم اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا، اس موقع پر مشیر مالیات کے ایم سی گلزار ابڑو، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اسپتال میں آنکھوں کے علاج کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، انہوں نے اسپنسر آئی اسپتال میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے علاج معالجے اور اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا،میئر کراچی نے انتظار گاہ میں موجود مریضوں سے دریافت کیا کہ آیا ان سے علاج کی کوئی فیس وصول کی گئی ہے، مریضوں نے بتایا کہ ان کا علاج مکمل طور پر مفت کیا جا رہا ہے اور ان سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی گئی جبکہ انہوں نے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا ،اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسپنسر آئی اسپتال کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اہم طبی ادارہ ہے جہاں آنکھوں کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، شہریوں کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت کے ایم سی کے اسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں، اسپنسر آئی اسپتال میں مریضوں کو بہتر ماحول اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اسپنسر آئی اسپتال کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو آنکھوں کے علاج کی بہتر سہولیات میسر آسکیں،میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے زیر انتظام اسپتالوں کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جارہا ہے، میئر کراچی نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کے دورے کے دوران صفائی ستھرائی، مریضوں کے لیے دستیاب سہولیات، ادویات اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں آنے والے شہریوں کو بہتر ماحول، بروقت طبی معائنہ اور معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنا ضروری ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے زیرانتظام طبی اداروں میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جدید طبی آلات اور علاج کی سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، اسپنسر آئی اسپتال سمیت کے ایم سی کے تمام اسپتالوں کو شہریوں کی ضروریات کے مطابق مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ کراچی کے عوام کو سرکاری سطح پر معیاری اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button