ترجمان میئر کراچی کابلدیاتی نظام کو مزید موثر، فعال اور عوام دوست بنانے کیلئے مجوزہ بل 2026 کے مسودے کا خیرمقدم

میئر کراچی کے ترجمان اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی نظام کو مزید موثر، فعال اور عوام دوست بنانے کے لیے مجوزہ بل 2026 کے مسودے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے اقدامات سے بلدیاتی اداروں کے اختیارات، ذمہ داریوں اور عوامی خدمات کے نظام کو مزید منظم کرنے میں مدد ملے گی۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی نظام میں بہتری اور اصلاحات کے لیے پیش رفت قابل تحسین ہے، کیونکہ مضبوط اور فعال بلدیاتی ادارے ہی شہری مسائل کے بروقت حل اور نچلی سطح تک حکمرانی کے موثر نظام کی بنیاد ہیں۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ مجوزہ مسودے میں بلدیاتی کونسل کی مدت مکمل ہونے کے بعد نئے بلدیاتی انتخابات تک موجودہ میئر یا چیئرمین کو بطور ایڈمنسٹریٹر کام جاری رکھنے کی تجویز ایک اہم انتظامی اقدام ہے۔ اس کے ساتھ حکومت سندھ کو کونسل کی مدت ختم ہونے سے 120 روز قبل نئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا پابند بنانا بھی بلدیاتی نظام میں تسلسل برقرار رکھنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ اس طریقہ کار سے منتخب بلدیاتی اداروں کی مدت مکمل ہونے اور نئے انتخابات کے درمیان انتظامی خلا پیدا ہونے کے امکانات کم ہوں گے۔پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ مجوزہ بل 2026 میں ڈپٹی میئر یا وائس چیئرمین کو کونسل کا کنوینر مقرر کرنے کی تجویز بھی قابل غور اور موثر انتظامی قدم ہے۔ ڈپٹی میئر یا وائس چیئرمین کو اجلاسوں کی صدارت کرنے اور کونسل کا کاروبار چلانے کا اختیار دیا جانا بلدیاتی اداروں کے اندر ذمہ داریوں کی بہتر تقسیم کا باعث بن سکتا ہے۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ میئر یا چیئرمین کی جانب سے تفویض کیے جانے والے اضافی اختیارات بھی ڈپٹی میئر یا وائس چیئرمین استعمال کرسکے گا، جس سے بلدیاتی اداروں کے روزمرہ امور میں تسلسل اور انتظامی فعالیت بہتر ہونے کی توقع ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے بتایا کہ مسودے میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت میٹروپولیٹن کارپوریشنز کے لیے میٹروپولیٹن کمشنر کو چیف ایگزیکٹو مقرر کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے انتظامی ڈھانچے میں واضح ذمہ داریوں اور اختیارات کا تعین اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اس لیے انتظامی معاملات میں اختیارات اور ذمہ داریوں کی واضح تقسیم ضروری ہے۔پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ مجوزہ مسودے میں یونین کونسل، یونین کمیٹی، ٹاون کمیٹی اور میونسپل کمیٹی کی سطح پر عوامی تنازعات کے حل کے لیے مصالحتی فورم قائم کرنے کی تجویز بھی عوامی مفاد میں ایک اہم قدم ہے۔ یہ فورم تین مصالحت کاروں پر مشتمل ہوگا، جنہیں مقامی معتبر افراد میں سے نامزد کیا جائے گا۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی کے مطابق مقامی سطح پر معمولی نوعیت کے تنازعات کو باہمی مشاورت اور مصالحت کے ذریعے حل کرنے کا موثر نظام شہریوں کے لیے آسانی پیدا کرسکتا ہے اور متعلقہ اداروں پر غیر ضروری بوجھ بھی کم ہوسکتا ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ امن و امان اور عوامی تحفظ کے حوالے سے بلدیاتی نمائندوں اور پولیس کے درمیان رابطے کو بھی مجوزہ قانون میں اہمیت دی گئی ہے۔ مسودے کے مطابق ایس ایچ او مقامی عوامی تحفظ اور امن و امان سے متعلق یونین چیئرمین سے رابطہ کرے گا، جبکہ ایس ایس پی موثر پولیسنگ کے لیے ضلعی کونسل کے چیئرمین یا کارپوریشن کے میئر سے رابطہ کرنے کا پابند ہوگا۔ پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے واضح کیا کہ اس رابطہ کاری کا دائرہ ضلعی پولیس انتظامیہ، فوجداری تفتیش اور استغاثہ کے معاملات تک نہیں پھیل سکے گا، جس سے پولیس کے قانونی اور تفتیشی اختیارات اپنی جگہ برقرار رہیں گے۔پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات اور عمارتوں سے متعلق قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے حوالے سے یونین کونسل کو بھی کردار دینا شہری نظم و نسق کی بہتری کے لیے اہم ہے۔ مجوزہ مسودے کے تحت یونین کونسل اپنے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ کنٹرول کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرکے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو آگاہ کرے گی۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ اس نظام سے شہری علاقوں میں قانون کی خلاف ورزیوں کی بروقت نشاندہی اور متعلقہ اداروں تک اطلاعات کی منتقلی کا عمل بہتر ہوسکتا ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ ٹھوس کچرے کے مسائل کی نشاندہی اور متعلقہ حکام کو معلومات فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی یونین کونسلوں کو دینا شہری صفائی کے نظام کو موثر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی کے مطابق مجوزہ قانون میں عوامی خدمات سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی جگہ اور حدود ظاہر کرنے والے تفصیلی نقشے تیار کرنے کی شرط بھی شامل ہے، جو شہری منصوبہ بندی، خدمات کی فراہمی اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطے کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کمیشن کے اجلاسوں کو بھی باقاعدگی سے منعقد کرنے کی تجویز خوش آئند ہے۔ مسودے کے مطابق لوکل گورنمنٹ کمیشن کو کم از کم ہر تین ماہ بعد اجلاس منعقد کرنا ہوگا۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ اس طرح بلدیاتی اداروں سے متعلق معاملات کا مسلسل جائزہ لینے، مسائل کی نشاندہی کرنے اور اصلاحی اقدامات کو آگے بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ منتخب نمائندوں اور بلدیاتی افسران کی تربیت کے لیے کونسلوں کو سالانہ بجٹ میں باقاعدہ فنڈز مختص کرنے کی تجویز بھی نہایت اہم ہے۔ پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی کے مطابق کونسلیں تربیتی پروگرام خود نافذ کرنے یا ضرورت کے مطابق انہیں بیرونی اداروں کے ذریعے مکمل کرانے کی مجاز ہوں گی۔ اس اقدام سے منتخب نمائندوں اور بلدیاتی افسران کی انتظامی، قانونی اور تکنیکی صلاحیتوں میں بہتری لانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے مزید کہا کہ خواتین اور معذور افراد کو درپیش مسائل اور بلدیاتی کونسلوں میں ان کی شرکت سے متعلق جامع رپورٹس جمع کرانے کی تجویز بھی قابل تحسین ہے۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ مو?ثر بلدیاتی نظام وہی ہوتا ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقات کی ضروریات اور مسائل کو پالیسی سازی اور فیصلہ سازی میں مناسب اہمیت حاصل ہو۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے سندھ حکومت کے مجوزہ بل 2026 کو بلدیاتی نظام کی بہتری کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے بلدیاتی اداروں کو بااختیار، فعال اور موثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ سندھ حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید ہے کہ مجوزہ اصلاحات پر مشاورت کے عمل کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ایسا بلدیاتی نظام تشکیل دیا جائے گا جو کراچی سمیت سندھ کے تمام شہریوں کے مسائل کے حل، بہتر حکمرانی اور متوازن شہری ترقی میں موثر کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

Back to top button