وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے تالی داس سیلاب متاثرین کو درپیش مشکلات کے حل سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور ان کے لیے تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی
۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ سیکریٹریز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے لیے قائم کی جانے والی نئی کالونی کے تمام گھروں کو بجلی کی فراہمی، سکول اور ڈسپنسری کی تعمیر سمیت آبپاشی چینل کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ایس ایم بی آر (Senior Member Board of Revenue) اور ڈپٹی کمشنر غذر کو ہدایت کی کہ تالی داس کے متاثرین کے لیے تعمیر کیے جانے والے ماڈل ویلجز کی زمینوں کی ملکیت قانونی طور پر متاثرین کے نام منتقل کی جائے۔ گلگت چترال ایکسپریس وے کی زد میں آنے والی زمینوں کے معاوضوں کی ادائیگی بھی متاثرین کو ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت پہلی مرتبہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیوں (Climate Change) اور قدرتی آفات کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع پالیسی تشکیل دے رہی ہے۔ اس پالیسی کے تحت قدرتی آفات سے تباہ ہونے والے گھروں کے بدلے متاثرین کو نئے گھر تعمیر کر کے دئیے جاسکیں گے۔






