وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین اور چیئرمین واپڈا (واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کے مابین اہم ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر گلگت بلتستان میں جاری توانائی منصوبوں (Power Projects) کی پیشرفت اور نئے ہائیڈرو پاور (پن بجلی) پروجیکٹس کی تعمیر کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران خطے میں بجلی کے درپیش مسائل کے حل، زیر تعمیر منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور توانائی کے مزید وسائل پیدا کرنے کے لیے نئے پروجیکٹس کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے واپڈا کے تعاون اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل انتہائی اہم ہے۔ چیئرمین واپڈا نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی معیار اور رفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس اہم اجلاس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ارشد مجید، سیکرٹری قانون فدا حسین اور سیکرٹری برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان صفدر خان بھی شریک تھے۔






